|

وقتِ اشاعت :   July 24 – 2016

کوئٹہ : وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہر ی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بلوچستان نے ہمیں سب کچھ دیا ہے لیکن بدقسمتی سے چند لوگ غیروں کی غلامی کو فوقیت دیتے ہوئے انکے ہاتھوں میں کھیل کر صوبے میں جاری ترقیاتی عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، تاہم انہیں یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ صوبے کے غیور اور محب وطن لوگ انہیں ان کے مزموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، بلوچستان ہم سب کا ہے یہاں صدیوں سے آباد اقوام و قبائل ہی اس کے اصل وارث اور صوبے کے سود و زیاں میں شریک ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل زہری کے ایک بڑے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدر آغاشکیل درانی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی، وفد میں تحصیل زہری کی مختلف میونسپل کونسلوں کے چیئرمین اور علاقہ معتبرین شامل تھے، جنہوں نے وزیراعلیٰ کو تحصیل زہری کو درپیش مسائل کے ساتھ ساتھ علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہدائے زہری کی برسی پر انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان جیسا ملک ہمیں کہیں نہیں ملے گا ہمیں پاکستانی بلوچستان میں ہر طرح کی آزادی حاصل ہے، ہم جہاں جانا چاہیں جا سکتے ہیں ہمیں بجلی، پانی اور زندگی کی دیگر سہولیات میسر ہیں ، ہمارے وسائل ہمارے اپنے ہیں جن پر ہمیں مکمل اختیار ہے، کسی ناتو انہیں ہم سے چھینا ہے اور نہ ہی چھین سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ بیمار ذہنیت کے حامل کچھ عناصر اپنے مزموم مقاصد کے حصول کے لیے صوبے میں امن نہیں چاہتے اور انتشار ، بے چینی اور بد امنی پھیلانے کے در پے ہیں تاکہ ترقیاتی عمل میں روکاٹ پیدا ہو، بیروزگاری اور غربت زیادہ ہو جس کی آڑ میں وہ ہمارے معصوم بچوں کو اپنے گھناؤنے مقاصد کے لیے استعمال کر سکیں اور خود ملک سے باہر محلوں میں مزے کرتے رہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ حکومت آپ لوگوں کی ہے اور آپ ہی صوبے کے وسائل کے اصل مالک ہیں، ہمارا فیصلہ ہے کہ ہم پر جنگ انہوں نے مسلط کی ہے اور اسے ختم ہم کریں گے، صوبے سے دہشت گردی کو 95فیصد ختم کیا جا چکا ہے اور بقایا 5فیصد کو بھی جلد ختم کر دیا جائیگا، بلوچستان ایک مرتبہ پھر امن کا گہوارہ بن چکا ہے اور تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے، امن کے قیام میں عوام اور ہماری سیکورٹی فورسز کا کردار قابل تحسین ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت ایک صفحہ پر ہے اور عوامی طاقت سے صوبے میں جلد مکمل امن بحال ہوگا، گذشتہ تین سال میں کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اب تمام شاہراہیں محفوظ ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارا شروع دن ہی سے عزم رہا ہے کہ گڈ گورننس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا اور عوام کو تمام بنیادی ضروریات اور صحت، تعلیم اور پانی جیسی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارا علاقہ زہری ہمیشہ سے ایک پرامن علاقہ رہا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ یہ آئندہ بھی پر امن رہے کیونکہ ترقی کا دارومدار امن پر ہے، ہماری خواہش ہے کہ صوبے کے نوجوان اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے ملک اور صوبے کا نام روشن کریں، حکومت اپنے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے تمام مواقع اور ذہین ومحنتی طلباء و طالبات کو لیپ ٹاپ کی فراہمی کا آغاز کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ نئے بجٹ میں عوام کو صحیح معنوں میں ریلیف ملے گا، حکومت عوام کی خدمت کو اپنا فرض سمجھتی ہے اور صوبے کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے، جس کے تحت ضلع خضدار اور زہری کے علاقوں کی ترقی کی جانب بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، اس موقع پر وفد میں شامل چیئرمین میونسپل کمیٹی زہری میر فیصل خان زہری اور دیگر نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ترقیاتی ویژن کو سراہتے ہوئے ان کی اور ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا جبکہ انہوں نے ضلع خضدار میں وسیع پیمانے پر جاری ترقیاتی عمل کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تحصیل زہری کے عوام ضلع خضدار اور صوبے کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔