|

وقتِ اشاعت :   July 24 – 2016

انڈیا کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے مسئلے میں تیسری پارٹی کی مداخلت نہیں چلے گی اور پاکستان کو اپنی سوچ بدلنی چاہیے۔

کشمیر کے دورے کے بعد اتوار کو سرینگر میں پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا ’کشمیر میں پاکستان کے کردار صحیح نہیں ہے۔ کشمیر پر پاکستان کو اپنی سوچ بدلنی چاہیے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں حالات معمول اور پرامن ہونے چاہئیں، اس کے بعد ہی جس سے بھی بات چیت کی ضرورت ہو گی بات چیت کی جائے گی۔ کشمیر کے دورے کے بعد اتوار کو سرینگر میں پریس کانفرنس میں راج ناتھ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں گذشتہ چند دنوں میں جو کچھ بھی ہوا، اس پر انھیں افسوس ہے۔ ’ہم کشمیر کے ساتھ جذباتی تعلق بنانا چاہتے ہیں اور کشمیر کی جمہوریت میں صرف انسانیت کا مقام رہے گا۔‘
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پورے ہندوستان کے لوگوں کی خواہش ہے کہ کشمیر ایک بار پھر جنت بننا چاہئے. راج ناتھ نے مزید کہا کہ اختلافات کو بات چیت کے ذریعہ ہی حل کیا جانا چاہیے کیونکہ اس کے علاوہ کوئی دوسرا حل نہیں ہو سکتا۔ راج ناتھ نے کشمیر میں سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ کے واقعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ گذشتہ دو دنوں میں وہ 30 سے زائد وفود سے ملے ہیں۔ راج ناتھ نے کہا ’میری معلومات کے مطابق ان جھڑپوں میں 2228 پولیس کے جوان، 1100 سی آر پی ایف کے جوان اور 2259 عام شہری زخمی ہوئے ہیں۔‘