کوئٹہ : بلوچ ری پبلکن پارٹی جنوبی کوریا چیپٹر کا اجلاس منعقد ہوا جس میں جنوبی کوریا میں پارٹی چیپٹر کو از سرنو تشکیل دیا گیا اور متفقہ رائے سے عہدیداران منتخب ہوئے اجلاس میں چیپٹر کے سابق نائب صدر امیر محمد بلوچ صدر، میر راشد نائب صدر اور ہارون بالاچ بلوچ سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے جبکہ دیگر ممبران نے اجلاس میں شرکت کرکے عہدیداران کو منتخب کیا اجلاس میں نو منتخب عہدیداران نے ممبران سے خطاب کیا اور نواب براہمداغ بگٹی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی منشور اور آئین کے مطابق بلوچ قومی جدوجہد میں منظم کردار ادا کرنے کا عزم کیا چیپٹر کے صدر امیر محمد بلوچ نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے میں جنوبی کوریا میں پارٹی کارکنان میں کچھ تحفظات پائے جاتے تھے جنہیں ہم نے پارٹی اداروں میں ان پر روشنی ڈال کر ان کے حل کی کوشش کی لیکن چیپٹر کے سابق صدر نصیر بلوچ کی جانب سے پارٹی کے آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پارٹی کے اندرونی معاملات کو اخبارات کی زینت بنایا اور چیپٹر کی کابینہ کو اعتماد میں لئے بغیر پورے کابینہ کے استعفوں کا اعلان کردیا اسی طرح انہوں نے ایک دوسری جماعت میں شمولیت اختیار کرنے کے وقت بھی کسی دوست کو اعتماد میں نہیں لیا یہ سارے فیصلے انہوں نے پارٹی میٹنگ بلائے بغیر ذاتی بنا پر کئے جو کہ پارٹی آئین کی سراسر خلاف ورزی ہے امیر محمد بلوچ نے کہا کہ نصیر بلوچ نے غلط بیانی سے کام لیتے ہوئے انہیں دوسری جماعت کے جنوبی کوریا میں چیپٹر کا نائب صدر منتخب ہونے کا اعلان کردیا انہوں نے کہا کہ وہ اس بیان کی سختی سے تردید کرتے ہیں اور حقیقت میں نصیر بلوچ کے علاوہ بی آر پی جنوبی کوریا کے کسی بھی کارکن نے نہ تو پارٹی سے استعفیٰ دیا ہے اور نہ ہی کسی دوسری جماعت میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے ان کا کہنا تھا کہ ہماری طرف سے بہت کوشش کی گئی کہ نصیر بلوچ اپنے بیان کو واپس لیں اور بلوچ تحریک میں تقسیم در تقسیم میں کردار ادا نہ کریں لیکن انہوں نے ایسا کرنے سے انکار کردیا پارٹی سے استعفیٰ دینا اور دوسری جماعت میں شمولیت ان کا ذاتی فیصلہ ہے اور یہ ان کا سیاسی حق ہے جس سے کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا لیکن پارٹی کے دیگر کارکنان کے حوالے سے فیصلہ کرنے کا ان کو کوئی حق نہیں پارٹی کارکنان آج بھی قومی رہنما ء نواب براہمداغ بگٹی کی قیادت میں متحد ہیں اور پارٹی کی منشور اور آئین کے مطابق اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔