کوئٹہ : بلوچ نیشنل فرنٹ کے ترجمان نے تربت میں نیشنل پارٹی کے جلسے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچ آزادی کی تحریک سے عوام کو دور کرنے کی ریاستی پالیسی Heart and Mind آپریشن کا مرکزی کردار ہے۔ ریاستی ایماء پر بلوچ عوام کو یکجا کرکے تحریک کے خلاف منفی باتیں پھیلانے کا ٹاسک نیشنل پارٹی کو دیا گیا ہے۔نیشنل پارٹی جلسوں کے تمام اخراجات فورسز برداشت کرتے ہیں۔ تربت میں نیشنل پارٹی کی سربراہی میں ہونے والے گزشتہ ایک جلسے میں ٹرانسپورٹ کے لئے بھی باقاعد سرکاری ٹرک استعمال کیے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کی قیادت خود کو کرپشن سے پاک ثابت کرنے کے لاکھ دعوے کرے لیکن ان کے قول و فعل میں تضاد کسی ذی شعور شخص سے پوشیدہ نہیں ہیں۔ ڈاکٹر مالک کے دور حکومت میں ہونے والے کرپشن کیس میں ان ہی کی پارٹی لیڈران تاحال زیرحراست ہیں۔ مڈل کلاس کی سیاست کے دعوے دار کرپٹ نیشنل پارٹی نے بلوچ عوام کو اتنا ہی نقصان دیا ہے جتنا کہ ریاست ریاستی سرداروں نے دیا ہے۔ بی این ایف نے کہا کہ ڈاکٹر مالک اور نیشنل پارٹی کی قیادت گوادر چائنا پراجیکٹ کو بلوچ کے مفاد میں کہہ کر سورج کو انگلی سے چھپانے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔ گوادر پروجیکٹ سے پہلے بلوچستان میں گزشتہ 68سالوں سے ریاست جس طرح لوٹ مار کررہا ہے اس کے عوض بلوچ کو سوائے پسماندگی کے کچھ نہیں ملا ہے۔