کوئٹہ : پاک ترک انٹرنیشنل سکولز اینڈ کالجز کوئٹہ کے طلباء ، اساتذہ اور والدین کی جانب سے سکول کی مبینہ بندش کے فیصلے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی اور کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا ۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سکول ٹیچر عبدالبصیر خان کاکڑ ودیگر کا کہنا تھاکہ بلوچستان میں پہلے ہی تعلیمی شعبہ زوال پذیری کا شکار ہے ایسے میں پاک ترک انٹرنیشنل سکولز اور کالجز نے صوبے کو بہت سے ایسے طلباء و طالبات دیئے ہیں جنہوں نے ملک اور صوبے کا نام روشن کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاک ترک تعلیمی اداروں میں خضدار ، قلات، نوشکی ، ماشکیل اور مشکے جیسے پسماندہ علاقوں کے طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں اس وقت صوبائی حکومت کی ترجیحات میں تعلیمی ترقی شامل ہے اور پاک ترک حکومت بلوچستان میں شانہ بشانہ تعلیمی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کے طلباء وطالبات کو ادارے میں بلامعاوضہ زیور تعلیم سے آراستہ کرکے کارآمد شہری بنایاجارہا ہے ۔ اس موقع پر والدین نے اپیل کی کہ ان کے بچوں کے مستقبل کو بچایا جائے ۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ تعلیمی اداروں میں موجودہ ترکی انتظامیہ کو برقرار رکھا جائے کیونکہ ترکی انتظامیہ اور اساتذہ کی خدمات کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہاکہ یہ واحد ادارہ ہے جو بلاتفریق تمام بچو ں کوبین الاقوامی سطح کی تعلیم فراہم کررہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس کی بہترین مثال بچوں کو فراہم کردہ سکالرشپس ہیں ۔ ریلی کے شرکاء نے حکومت حکام سے توقع ظاہر کی کہ وہ ان کے موقف کو مثبت انداز میں حکام بالا تک پہنچائیں گے ۔