کوئٹہ: جامعہ بلوچستان کے زیراہتمام سات روزہ میگا تعلیمی ایونٹ کے تحت انٹر یونیورسٹی شارٹ فلم اور دیگر مقابلوں میں کامیاب طلباء و طالبات میں تقسیم انعامات کے سلسلے میں تقریب منعقد ہوئی۔ جس کے مہمان خصوصی آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن تھے۔ جامعہ کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اقبال نے مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں کو یونیورسٹی آمد پر خوش آمدید کہا۔ انٹر یونیورسٹی شارٹ فلم اسٹوری مقابلے میں صوبے کے تمام جامعات نے حصہ لیا جو مختلف موضوعات پر بنائی گئی تھیں جبکہ جامعہ بلوچستان کی شارٹ فلم کو زیادہ پسند کیا گیااور پہلہ انعام جامعہ بلوچستان نے جیت لیا۔ جبکہ دوسری پوزیشن سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی اور تیسری پوزیشن الحمد یونیورسٹی نے حاصل کی۔ اس طرح کوئز کے مقابلوں میں وومن یونیورسٹی نے پہلی، بیوٹمز نے دوسری اور گرلز کالج لورالائی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بہتر کارکردگی اور پہلا انعام حاصل کرنے والی ٹیموں میں مہمان خصوصی نے نقد اور دیگرانعامات تقسیم کئے ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ بلوچستان کے طلبا و طالبات مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے اس طرح کی سرگرمیوں کو پروان چڑھایا انہوں نے کہا کہ طلباء ہمارا اثاثہ ہیں اور ان سے روشن مستقبل کی امیدیں وابستہ ہیں۔ آج بلوچستان کے طلبہ نے ثابت کردیا کہ وہ کسی بھی شعبے میں کسی سے بھی کم نہیں۔انہوں نے سانحہ کوئٹہ ک شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے ہمیں یہ زخم دیئے ہیں ہم انہیں آخری انجام تک پہنچائیں گے۔ ہم اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ یوم آزادی کی مناسبت سے بلوچستان میں جشن آزادی کی تقریبات بھر پور طریقے سے منائی جارہی ہیں۔ ہمیں اپنی آزادی اور بقاء بہت عزیز ہے اور ہم سب ایک ہیں اور ہمارا مقصد بھی ایک ہے۔ انہوں نے ملک دشمن عناصر کو یہ پیغام دیا کہ ہم اپنی بقاء اور آزادی کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک ملک اور صوبے کی ترقی وخوشحالی کا ایک منصوبہ ہے جسے پایہ تکمیل تک کامیابی سے پہنچایا جائے گا ۔ اسی طرح دیگر منصوبوں کو بھی عملی جامہ پہنایا جارہا ہے۔اس موقع پر جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اقبال نے جامعہ کی کامیاب ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ جامعہ نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پہلا انعام اپنے نام کیا ۔ آج جامعہ بلوچستان کاملک کی اہم جامعات میں شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے مقابلوں کا رجحان اور یک جہتی کو فروغ دیا جاسکتا ہے اور معاشرے میں ایک مثبت پیغام پہنچایا جاسکتا ہے کہ ہم سب ایک ہیں اور ہماری تما م تر توانائیاں ملک اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہیں۔ سات روزہ میگا تعلیمی ایونٹ میں مختلف مقابلوں کا انعقاد کرنے سمیت نیشنل بک فاؤنڈیشن کی جانب سے کتب میلہ کا بھی انعقاد کیا گیا۔ واضح رہے کہ تعلیمی ایونٹ کا افتتاح کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کیا تھا۔ جس میں صوبائی وزراء، تعلیمی ماہرین ، صوبے کی مختلف یونیورسٹیوں اور کالجز کے اساتذہ اور طلباء و طالبات نے شرکت کی اور مختلف مقابلوں میں حصہ لیا ۔