کوئٹہ: گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی کے لئے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں اور اس سلسلے میں تعلیمی اداروں، ہسپتالوں اور عوامی مقامات پر سیکیورٹی کو ہرقیمت پر یقینی بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کے حالیہ واقعہ نے پوری قوم کو سوگوار اور رنجیدہ کردیا ہے لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ واقعہ پر محض آنسو بہانے کی بجائے عزم وحوصلہ سے کام لیا جائے۔ اور سیاسی وعسکری قیادت کی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے ساتھ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لئے ایک جامع منصوبہ بندی پر سنجیدگی سے عملدرآمد کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر قانون وانصاف زاہد حامد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے قانون بیرسٹر ظفراللہ بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ 8اگست کوئٹہ سول ہسپتال میں رونما ہونے والی دہشت گردی کا واقعہ اپنی نوعیت کے اعتبار سے پہلا واقعہ نہیں تھا بلکہ اس سے پہلے بھی اس طرح کے واقعات عوامی مقامات پر ہوتے رہے ہیں لیکن افسوس ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے اب تک کوئی مؤثر اقدامات نہیں کئے جاسکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس ہولناک واقعہ کے بعد مستقبل کے لئے قابل عمل اور مؤثر لائحہ عمل تیار کیا جائے گاتاکہ آئندہ ایسے المناک واقعات کا اعادہ نہ ہوسکے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ آج بحیثیت قوم جن چیلنجوں کا سامنا ہے ان کا مقابلہ کرنے کے لئے جمہوریت اور قانون کی بالادستی کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔ جمہوریت اور قانون کے یکساں اور سب کے لئے نفاذ کو یقینی بنا کر ہم قانون شکنی، جرائم اور دہشت گردی جیسے ناسور پر قابو پا سکتے ہیں۔ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ نہ صرف بلوچستان اور پاکستان کی ترقی وخوشحالی کا پیش خیمہ ہے بلکہ پوری دنیا کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ پاکستان آج شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) اور BRICSجیسی اہم ایشائی تنظیموں کا رکن ہے جو براعظم ایشیاء میں علاقائی سطح پر ترقی کے لئے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی تعلیمی ادروں خاص کر یونیورسٹیوں میں طلباء وطالبات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ تعلیمی سہولتوں اور ماحول میں بہتری آئی ہے۔ اسی طرح صحت کی سہولتیں بہتر بنائی گئی ہی۔ قومی شاہراہوں پر سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور نئی سٹرکیں اور رابطہ سڑکیں تعمیر کی جارہی ہیں۔ وفاقی وزیر زاہد حامد نے کہا کہ پاکستان کی تعمیروترقی میں بلوچستان کو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے اور گوادر کاشغر راہداری منصوبے کو اس صدی کا سب سے اہم منصوبہ قراردیا جاسکتا ہے۔ آخر میں انہوں نے سانحہ کوئٹہ کے شہداء کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی اور ان کے لواحقین سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صوبائی مشیر اطلاعات سردار رضا محمد بڑیچ، ڈپٹی اٹارنی جنرل ارشد خان جدون، لاء آفیسرز فیڈریشن سید شبیر شاہ، سید اخلاق شاہ،مسلم لیگ (ن) لائر ز فورم کے سیکریٹری اطلاعات عظمت ترین اور ایڈووکیٹ عمران علوی بھی موجود تھے۔