|

وقتِ اشاعت :   August 12 – 2016

کوئٹہ :  بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ آج بی این ایم افغان ریجن کے آرگنائزر سہراب بلوچ کی زیر صدارت گیارہ اگست کے حوالے سے ایک پروگرام کابل میں منعقد ہوا۔ جس میں بی این ایم کے ارکان کے علاوہ عورتوں اور بچوں نے شرکت کی۔ شرکا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گیارہ اگست 1947 کو برطانیہ نے بلوچستان چھوڑ کر ہماری مکمل آزادی کا اعلان کیا۔ دیدار بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کائنات کی سب سے بڑی اور منفرد نعمت ہے۔ مادر وطن کی محبت دنیا کی تمام آسائشوں سے بڑھ کر ہے۔ اس دنیا میں سب سے خوش نصیب انسان وہ ہے جو اپنی سرزمین میں آزادی اور امن کی نعمت سے مستفید ہے۔ اور دنیا میں باشعور انسان وہ ہے جوکسی بھی حالت میں کسی انسان کو غلام نہیں رکھتا،بلوچ بہادری سے پرنس آغا کریم کی بغاوت سے لیکر نواب نوروز، نواب خیر بخش مری، نواب اکبر بگٹی، بالاچ مری، چیئرمین غلام محمد بلوچ اور دیگر ہزاروں شہدا نے جانوں کی قربانی دیکر اس غلامی کے خلاف بغاوت کا علم بلند کیا۔ اور آج بھی بلوچستان کے کونے کونے میں بلوچ قوم جن میں بڑے، بوڑھے ، بچے اور عورتیں آپریشن ، ٹارچر سیلوں ، مذہبی انتہا پسندوں ، بھیڑیے نما سرداروں کے ہاتھوں جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں۔ بلوچ قوم کا منزل آزاد بلوچستان سے کمتر کچھ نہیں۔ مقررین نے کہا کہ آج کا دن ہمیں تجدید عہد کا درس دیتا ہے کہ ہم اپنی آزادی کی جد و جہد منظم انداز میں جاری رکھیں۔