|

وقتِ اشاعت :   August 13 – 2016

ورجینیا: امریکا میں چھوٹا مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران درختوں سے ٹکرانے سے تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست ورجینیا میں فریڈرک برگ کے شانن ایئر پورٹ میں مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران درختوں سے ٹکرا کر تباہ ہوا، جس سے اس میں سوار تمام افراد ہلاک ہوئے۔

حکام نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ لینڈنگ کے دوران توازن برقرار نہ رکھ سکا، اور جنگلی علاقے میں بلند درختوں سے اس کی ٹکر ہوئی، ٹکر کے بعد اس میں آگ لگ گئی، اور وہ درختوں کے درمیان ہی گر گیا۔

نیشنل ٹرانپسورٹ سفیٹی بورڈ، فیڈرل ایڈمنسٹریشن کے حکام کے ساتھ ساتھ آگ بجھانے کا عملہ اور ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔

امدادی کارکنوں نے طیارے کے ملبے سے 6 افراد کی لاشیں نکال لی ہیں۔

حادثے میں ہلاک ہونے والے مسافروں کی تاحال شناخت نہ ہوسکی ،البتہ پولیس کا کہنا تھا کہ مسافروں کی لاشیں ناقابل شناخت ہیں جبکہ حادثے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔