|

وقتِ اشاعت :   August 14 – 2016

کوئٹہ : کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہاہے کہ ہمیں بھروسہ ہے کہ ایک دہائی میں پاکستان اقتصادی اورسیاسی لحاظ سے تیزی کیساتھ بین الاقوامی طور پر ابھرے گاجس سے دشمن پریشان ہے،ہم متحد رہے تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی ،نوجوان نظریہ پاکستان کے امین ہے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈمینجمنٹ سائنسز (بیوٹمز )میں 14اگست کے سلسلے میں ’’بلوچستان روشن مستقبل کی طرف گامزن ‘‘کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر بیوٹمز یونیورسٹی میں یوم آزادی کی مناسبت سے منعقدہ سمینارمیں ملک بھر کی 80یونیورسٹیز سے آئے 2400سے زائد طلبا و طالبات نے شرکت کی۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا کہناتھاکہ پاکستان کاحصول وہ فیصلہ تھا جس کے پیچھے 7ہزار سال کی تاریخ ہے ،نوجوان نظریہ پاکستان کے امین ہے ،انہوں نے کہاکہ پاکستان دشمن پریشان ہے کہ اس ملک کا مستقبل تابناک ہے اوریہ مستقبل قریب میں ترقی کے تیزرفتار منازل طے کریگا اسی لئے بھارت کو بھی پاکستان کھٹکتا ہے مگر ہم متحد رہے تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتا ،انہوں نے کہاکہ ہمیں بھروسہ ہے کہ ایک دھائی میں ہی پاکستان اقتصادی اورسیاسی لحاظ سے بین الاقوامی طور پر ابھرے گا بلوچستان کو اللہ نے انمول جغرافیہ اور ساحلی پٹی دی ہے جو اس کے منفرد ہونے کی دلیل ہے ۔