|

وقتِ اشاعت :   August 15 – 2016

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان اتوار کے روز ملاقات ہوئی، اس موقع پر جے یو آئی کے صوبائی رہنما بھی موجود تھے، مولانا فضل الرحمان نے وزیراعلیٰ سے سانحہ کوئٹہ پر تعزیت ، ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کی بزدلانہ اور بہیمانہ کاروائی قرار دیا، وزیراعلیٰ نے انہیں بتایا کہ حکومت شہداء کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کے ورثاء کے لیے ایک ایک کروڑروپے، خاندان کے ایک ایک فرد کے لیے سرکاری ملازمت اور ان کے بچوں کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ حکومت دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے، مولانا فضل الرحمان نے سانحہ کے موقع پر صوبائی حکومت کے فوری رد عمل اور ورثاء کی داد رسی کے لیے کئے گئے اقدامات کو سراہا، اس موقع پر شہداء کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔