کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سانحہ کوئٹہ کے زخمی وکلاء کی عیادت اور اعلیٰ سطحی چینی وفد سے ملاقات کے بعد منگل کے روز کوئٹہ پہنچے ، ان کی آمد کے فوری بعد چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ اور آئی جی پولیس احسن محبوب نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی ، ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ کی ہدایت کی روشنی میں صوبہ بھر بالخصوص کوئٹہ شہر میں حفاظتی اقدامات میں اضافہ سمیت امن و امان کی صورتحال سے متعلق صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، آئی جی پولیس نے وزیراعلیٰ کو اس حوالے سے بریفنگ دی، ملاقات میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ سانحہ کوئٹہ سمیت دہشت گردی کی دیگر کاروائیوں میں ملوث عناصر ، ان کے سرپرستوں اور معاون کاروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور شر پسندوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائیگا، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں میں مربوط روابط کو مزید مستحکم کیا جائے ، تاکہ سماج دشمن اور دہشت گرد عناصر کے خلاف مشترکہ کاروائیوں کو بھرپور طریقے سے جاری رکھا جاسکے۔ انہوں نے اس حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔