|

وقتِ اشاعت :   August 18 – 2016

کوئٹہ: انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان میجر جنرل شیر افگن نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہمسایہ ممالک میں دہشت گردوں کی نرسریاں اور ان کی سرپرستی کرنے والے موجود ہیں لیکن ان کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔کوئٹہ میں جشن آزادی تقریری مقابلے کی اختتامی تقریب سے خطاب میں آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن نے کہا کہ ہمارا دشمن لوگوں میں چھپ کر رہتا ہے۔ اس کا کام بزدلوں کی طرح پیچھے سے وار کرنا ہے ایسے دشمن کی تلاش میں مشکل درپیش رہتی ہے۔ آئی جی ایف سی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی دشمنوں کو راس نہیں آرہیں۔ بہت سارے دشمن ہمارے خلاف اکٹھے ہورہے ہیں۔ ان کی تعداد بڑھ رہی ہے لیکن پاکستانی قوم قربانیاں دینا اور ملک کی حفاظت کرنا جانتی ہے۔ قوم کا آپس میں اتحاد واتفاق وقت کا تقاضا ہے۔ میجر جنرل شیر افگن نے کہا کہ ہزارہ قبیلہ پر امن اور ترقی پسند ہے ان پر حملے کرنے والے اکثر دہشت گرد مارے جاچکے ہیں۔ جب سے ایف سی نے حفاظت شرو ع کی ہے ہزارہ قبیلے پر کوئی بڑا حملہ نہیں۔ آئی جی ایف سی نے مزید کہا کہ ڈبل روڈ پر چار ایف سی اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تین دہشتگرد مارے جاچکے ہیں جبکہ عالمو چوک بم دھماکے کے ذمہ داروں کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ آئی جی ایف سی نے یقین دلایا کہ سول اسپتال بم دھماکے کرکے ہمارے دلوں پر جنہوں نے زخم لگایا ہے ان تک بھی جلد پہنچ جائیں گے۔