|

وقتِ اشاعت :   August 22 – 2016

کوئٹہ : پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں وفاقی حکومت کے ادارے ایف آئی اے کی جانب سے گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے کچلاک میں تجارتی گوداموں اور دکانوں پر غیر قانونی چھاپوں اور انسانی ضروریات کے مختلف اشیاء کو لوٹنے اور مجموعی طور پر لاکھوں روپے کا تجارتی سامان اپنے ساتھ لیجانے کی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے غیر آئینی وغیر قانونی اورعوام وتاجر دشمن اقدام قرار دیا گیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ایف آئی اے کے اس غیر قانونی وعوام دشمن کارروائی کا فوری نوٹس لیکر اس میں ملوث افیسروں واہلکاروں کیخلاف قانونی کارروائی کرے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع کوئٹہ کا اہم تجارتی مرکز اور جنوبی پشتونخوا و ملک کے مختلف شہروں کیلئے جانیوالی شاہراہوں کے جنکشن کچلاک میں گزشتہ روز سادہ کپڑوں میں ملبوس ایف آئی اے کے مسلح افیسروں واہلکاروں نے قانون اپنے ہاتھ میں لیکر اشیاء خوردونوش ، اجناس ، گاڑیوں کے پرزہ جات ،الیکٹرونکس، کپڑوں اور ضروریات زندگی کے دیگر اشیاء کے گوداموں اور دکانوں سے د ن دہاڑے لاکھوں روپے کا سامان لوٹنے اور اپنے ساتھ لیجانے کی غیر قانونی کارروائی کی اور بعض تاجروں سے بطور رشوت لاکھوں روپے لےئے گئے اور یہ ناروا اور عوام دشمن عمل دن دہاڑے کرکے قانون کی دھجیاں اڑائی گئی ہے جس سے یہ واضح ہے کہ ایف آئی اے سمیت وفاقی حکومت کے دیگر اداروں نے ہمارے صوبے میں عوام کی منتخب صوبائی حکومت کے مقابلے میں اپنی متوازی حکومت اور قانون بنا کرصوبے کے عوام کے ساتھ دشمنی کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے ۔اور ان اداروں کو صوبائی حکومت اور صوبائی انتظامیہ کا پرواہ ہی نہیں یہی وجہ ہے کہ صوبے کے عوام ، تاجر ، ٹرانسپورٹرز اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور شہری ان اداروں کے ہاتھوں یرغمال بن چکے ہیں اور صوبے میں کاروبار وتجارت اور معاشی ومعاشرتی زندگی مفلوج ہوچکی ہے اور وفاقی حکومت کے ان اداروں کے افیسروں واہلکاروں نے ہمارے صوبے میں عوام کی معاشی وتجارتی سرگرمیوں کو اپنے کنٹرول میں لیکر رشوت خوری ، بھتہ خوری کے ذریعے کروڑوں اربوں روپے کی ناجائز دولت جمع کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔ جبکہ عوام اور شہریوں کی معیشت اور کاروبار تباہی سے دوچار ہوکر تجارتی سرگرمیاں ماند پڑچکی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے عوام کے منتخب صوبائی حکومت کو اس صورتحال پر خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہیے اور ایف آئی اے سمیت وفاقی حکومت کے دیگر اداروں کی جانب سے صوبے میں جاری غیر آئینی وغیر قانونی کارروائیوں و چھاپوں اورعوام کی تجارت وکاروبار پر ان اداروں کی جانب سے پابندی کے اقدامات کی روک تھام اور صوبے میں صوبائی حکومت اور انتظامیہ کی رٹ واتھارٹی کیلئے آئینی اور جمہوری ذمہ داری کو پوری کرنی ہوگی اور عوام کی آئینی ، جمہوری اور انسانی حقوق کا تحفظ کرنا ہوگا۔