کوئٹہ: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے پاکستان مخالف بیان کی تائید کرنے پر بلوچ علیحدگی پسند رہنماؤں براہمداغ بگٹی، حیربیار مری، کریمہ بلوچ اور نائلہ قادری پر مزیدسات مقدمات درج کرلئے گئے۔ براہمداغ بگٹی کے خلاف ان کے آبائی ضلع ڈیرہ بگٹی میں بھی دو مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق تھانہ ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی کے سٹی تھانے میں دلمراد عرف فوجی ولد علی خان مسوری بگٹی کی مدعیت میں مقدمہ نمبر32/16درج کیا گیا ہے ۔ مقدمے میں براہمداغ بگٹی، حیربیار مری اور کریمہ بلوچ کو نامزد کیاگیا ہے اور ان کے خلاف غداری کی دفعات لگائی گئی ہیں۔ جبکہ تھانہ ڈیرہ بگٹی میں بھی براہمداغ بگٹی، حیر بیار مری اور کریمہ بلوچ کے خلاف غداری کی دفعات کے تحت مقدمہ نمبر20/16درج کیا گیا ہے۔ مقدمے کے مدعی دلیل ولد سلیمان مندوانی بگٹی نے مقدمے کے اندراج کیلئے پولیس کو دی گئی درخواست میں کہا ہے کہ تینوں ملزمان ملک سے غداری کے مرتکب ہوئے ہیں ۔ادھر حب میں تھانہ سٹی میں بھی داؤد خان ولد فیض محمد بلوچ کی مدعیت میں براہمداغ بگٹی، حیربیار مری اور کریمہ بلوچ کے خلاف مقدمہ نمبر278/16درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں غداری سے متعلق تعزیرات پاکستان کی دفعہ124/A,123/A,121 لگائی گئی ہے۔نوشکی میں بھی پولیس تھانے میں بسم اللہ نامی شخص نے براہمداغ بگٹی، حیربیار مری، کریمہ بلوچ اور نائلہ قادری سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ نمبر41/2016درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں انسداد دہشتگردی ایکٹ اور غداری کی دفعات لگائی گئی ہیں۔ ادھر گوادر ، جیوانی اور پسنی کے پولیس تھانوں میں بھی براہمداغ بگٹی، حیربیار مری اور کریمہ بلوچ کے خلا ف غداری کے مقدمات درج کئے گئے ۔ گوادر تھانے میں درج کئے گئے مقدمے کے مدعی ایس ایچ او اسلم بنگلزئی ہیں جنہوں نے اپے طور پر بلوچ علیحدگی پسند رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کریا گیا ہے۔ ڈیرہ بگٹی، سوئی، حب، نوشکی، گوادر، جیوانی اور پسنی میں درج کرائے گئے مقدمات کے مدعا علہیان کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نے بلوچستان میں ظلم و زیادتی کا من گھڑت بیان دیا جس کی براہمداغ بگٹی، حیربیار مری اور کریمہ بلوچ نے اس کی تائید کی اور بھارتی حکومت کو پاکستان پر حملے کی دعوت دی۔ کالعدم تنظیموں کے سربراہ براہمداغ بگٹی، حیر بیار مری، کریمہ بلوچ، نائلہ قادری وغیرہ نے نہ صرف مودی کے بیان کی تائید کی بلکہ پاکستان کے خلاف بھارت اور اس کی انٹیلی جنس ایجنسی کی مدد بھی مانگی تاکہ بلوچستان میں جو امن قائم ہوا ہے اسے اپنے ناپاک عزائم کے ذریعے تباہ کیا جائے اور چند مالی رقم لیکر دہشتگردی، قتل غارت گری اور غریب عوام کے بچوں کو تعلیم سے محروم کرکے اپنے گندے عزائم پورے کئے جائیں۔