|

وقتِ اشاعت :   August 26 – 2016

 اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ سارک نے خطے کی خوشحالی،عوام کا معیارزندگی بلند کرنے کاعہد کر رکھا ہے جب کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ترین ملک ہے۔ سارک وزرائے خزانہ کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے خطے میں قیام امن کے لئے بہت کوششیں کیں اور اہم کردار ادا کیا، علاقائی سطح پر بھی سماجی برائیوں پر قابو پانے کی کوشش کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے سرمایہ کاری کے لئے حالات کو پرامن اور موافق کیا، خطے میں معاشی استحکام کے لئے بے پناہ کوششیں کیں اور اقتصادی شعبے کی مثبت پالیسیوں کی بدولت ہی پاکستان درست سمت کی جانب گامزن ہے، آج پاکستان سرمایہ کاری کے لئے محفوظ  ترین ملک ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ 3 دہائیاں قبل سارک ممالک کی لیڈر شپ نے عہد کیا تھا کہ خطے میں سیاسی، معاشی استحکام اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے کوشش کی جائیں گی، گزشتہ 30 سالوں سے سارک خطے میں امن کے قیام کے لئے پلیٹ فارم فراہم کررہا ہے اور سماجی برائیوں کی ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، سارک نے جنوبی ایشیا میں بہتر ماحول کے لئے اہم کردار ادا کیا۔ نوازشریف نے کہا کہ  پاکستان سارک ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے ہر وقت تیار ہے، اس فورم سے امن کے لئے کئے جانے والے  تمام مثبت اقدامات کی حمایت جاری رکھیں گے۔