کھٹمنڈو: نیپال کے مشرقی پہاڑی علاقے میں مسافر بس دریا میں گرنے سے 21 افراد ہلاک ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق مسافروں سے بھری بس چاندنی بجینگ نامی گاؤں جارہی تھی، اسی دوران پہاڑی علاقے میں ڈرائیور سے بے قابو ہوگئی اور دریائے ترشولی میں جاگری۔
حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو کام کا فوری طور پر آغاز کیا جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو بس سے باہر نکالنا شروع کیا۔
مقامی ضلع سربراہ بینود پرکاش سنگھ نے بتایا کہ اس حادثے میں 21 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 16 زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
امدادی کارکنوں نے فوری طور پر ریسکیو سرگرمیاں شروع کیں — فوٹو: بشکریہ کھٹمنڈو پوسٹ
ان کا مزید کہنا تھا کہ امدادی کارکنوں نے بس میں پھنسے مسافروں کو نکالنے کا کام فوری طور پر شروع کر دیا تھا۔
بینود پرکاش سنگھ نے بتایا کہ امدادای سرگرمیوں میں کوشش کی گئی کہ زیادہ سے زیادہ افراد کو پانی میں ڈوبی ہوئی بس سے جلدی نکال کر ان کی جان بچائی جا سکے، اسی وجہ سے کئی افراد کو بچانے میں کامیابی ملی۔
مسافربس سیاحتی قصبے پوکھارا کے گاؤمں چاندنی بجینگ کی جانب جارہی تھی۔
لواحقین اپنے عزیروں کو مقامی ہسپتالوں میں تلاش کرتے رہے — فوٹو : بشکریہ فرسٹ ورلڈ
نیپال کے ہائی وے پر اس قسم کے حادثات عام ہیں جن کی بڑی وجہ خراب سڑکیں، خستہ حال بسیں اور غیر محتاط ڈرائیونگ ہے۔
واضح رہے کہ اس ماہ کے آغاز میں نیپال کے پہاڑی سلسلے میں مسافروں سے بھری بس چڑھائی سے نیچے آگری تھی جس کے نتیجے میں کم سے کم 33 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔