کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع آواران اور کیچ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے باپ بیٹے اور پوتے سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ لیویز کے مطابق آواران کی تحصیل جھاؤ کے موسل پیر میں رات گئے نامعلوم افراد نے ایک گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ لیویز کے مطابق جاں بحق افراد میں بائیان ولد لعل محمد،اس کا بیٹا پیرجان اور چھ سالہ پوتا قمبر ولد بابل شامل ہیں ۔ مقامی لوگوں کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد چار تھی جو واردات کے بعد موٹر سائیکلوں پر فرار ہوگئے۔ واقعہ کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تاہم مقامی انتظامیہ کو شبہ ہے کہ علاقے میں سرگرم کالعدم تنظیم اس واقعہ میں ملوث ہوسکتی ہے۔ ایک اور واقعہ ضلع کیچ کے علاقے دشت کپکپار میں پیش آیا چار نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے شوکت ولد محمد علی کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ اثناء کوئٹہ فرنٹیئرکوربلوچستان اورحساس اداروں نے بلوچستان کے علاقے تربت اورتمپ میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں 7افراد کوگرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمدکرلیا۔ایف سی ترجمان کے مطابق گزشتہ روز فرنٹیئرکوربلوچستان اورحساس اداروں کے اہلکاروں نے تمپ کے علاقے کلاہو اورتربت شہر میں سرچ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں 7مشتبہ افراد کوحراست میں لیکر ان کے قبضے سے عد د ایس ایم جیز برآمدکرکے مزیدتفتیش شروع کردی ۔