گوادر : جہاز رانی اور بندرگاہوں کے وفاقی وزیر میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ آمریت کے دور میں قومی مفاد کو ہمیشہ نقصان پہنچایا گیا ہے‘ ہر پاکستانی کو یقین ہے کہ اقتصادی راہداری ملک کے لئے گیم چینجز ہے اور بلوچ عوام کو نظر انداز نہیں کرسکتے کیونکہ ترقی کے عمل میں ہمیشہ حصہ لیا ہے۔ جمعرات کو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح تاریخی حیثیت رکھتا ہے اور گوادر پورٹ وزیراعظم محمد نواز شریف کے وژن کی عکاس ہے۔ میر حاصل بزنجو نے کہا کہ آمریت کے دور میں قومی مفاد کو ہمیشہ نقصان پہنچایا گیا ہے ہر پاکستانی کو یقین ہے کہ اقتصادی راہداری ملک کیلئے گیم چینجز ہوگی درحقیقت گوادر ہی اقتصادی راہداری ہے اور اقتصادی راہداری گوادر ہے۔ بلوچ عوام کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا انہوں نے ترقی کے عمل میں ہمیشہ حصہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر چار بڑے ٹاؤنز پر مشتمل ہے جن میں جیونی‘ پسنی‘ گوادر اور اورماڑہ شامل ہیں۔ بلوچستان کے عوام علاقے میں خوشحالی اور ترقی چاہتے ہیں اور اقتصادی راہداری بلوچ عوام کا مطالبہ ہے۔ (ن غ)