|

وقتِ اشاعت :   September 3 – 2016

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے مردان میں ہونے والے خودکش بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے دہشت گردی کی اس کاروائی میں قیمتی انسانوں جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے اپنے ایک مزمتی بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بزدل دہشت گرد اپنی مزموم کاروائیوں کے ذریعے بے گناہ لوگوں کا خون بہا رہے ہیں، جس کی دنیا کا کوئی بھی مذہب اور معاشرہ اجازت نہیں دیتا اور نہ ہی دہشت گردوں کا کوئی دین ، مذہب اور قوم قبیلہ ہے ،وہ ملک دشمن عناصر کی ایماء پر دہشت گردی کی کاروائیوں کے ذریعے بد امنی کی فضاء پیدا کر کے ملک میں جاری ترقیاتی عمل کو روکنا چاہتے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک فوج اور سیکورٹی اداروں نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے اور جلد ملک کودہشت گردی کی لعنت سے مکمل طور پر پاک کر دیا جائیگا، ملک و قوم کے تحفظ کے لیے جاری اقدمات میں سول و عسکری قیادت عوام کی تائید و حمایت حاصل ہے اور پاکستانی قوم کو کسی طور خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا، وزیراعلیٰ نے دھماکے میں جاں بحق افراد کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا ہے جبکہ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی زیرصدارت منعقد ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کوئٹہ میں نیشنل گیمز کے انعقاد سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے بعض اہم فیصلے کئے گئے۔ اسپیکر صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید درانی ، صوبائی وزیر کھیل میر مجیب الرحمان محمد حسنی، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، آئی جی پولیس احسن محبوب، جی او سی 33ڈویژن میجر جنرل اظہر نوید حیات ، سی او ایس سدرن کمانڈ میجر جنرل عدنان احمد نے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں اس بات سے اتفاق کیا گیا کہ قومی کھیلوں کا کوئٹہ میں انعقاد صوبے کے لیے ایک اعزاز ہے لہذا ان کھیلوں کے شایان شان اور احسن طریقے سے انعقاد کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا، جبکہ فیصلہ کیا گیا کہ سرد موسم کے باعث کوئٹہ میں قومی کھیل اس سال نومبر کے بجائے آئندہ سال اپریل یا مئی میں منعقد کئے جائیں گے، اجلاس میں کھیلوں کے انعقاد کی تیاریوں اور انتظامات کی بروقت تکمیل اور دیگر تمام متعلقہ امور کی نگرانی کے لیے صوبائی وزیر کھیل میر مجیب الرحمان محمد حسنی کی سربراہی میں سٹیرنگ کمیٹی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا، جو پاکستان سپورٹس بورڈ سے مکمل رابطے میں رہتے ہوئے کھیلوں کے بہترین انعقاد کو یقینی بنائے گی اور وقتاً فوقتاً وزیراعلیٰ بلوچستان سے راہنمائی بھی حاصل کرے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ قومی کھیلوں کے انعقاد کے انتظامات کی خود نگرانی کریں گے۔ یہ صوبے کے لیے بڑا اعزاز ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ مقررہ مدت کے اندر تمام انتظامات کو مکمل کر لیا جائے بالخصوص مہمان کھلاڑیوں کو طعام و قیام اور دیگر ضروری سہولتیں میسر ہوں جس سے صوبے کی نیک نامی میں اضافہ ہوسکے، انہوں نے صوبے کے کھلاڑیوں کے لیے ڈویژن اور ضلعی سطح پر تربیتی سہولتوں کی فراہم کی ہدایت بھی کی تاکہ وہ خود کو مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے تیار کر کے صوبے کا نام روشن کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔