|

وقتِ اشاعت :   September 5 – 2016

کراچی : پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سیدمصطفی کما ل نے کہا ہے کہ قوم پرغداری کا دھبہ لگوانے والے آج دنیاوی فائدے کے لئے راء کے ایجنٹ کا ساتھ دے رہے ہیں۔22 اگست کے دن پوری پاکستانی قوم کو پتا چل گیا کہ ہم سچ پر ہیں بہتر مستقبل کی خاطر دو نسلیں قربان کرچکے، اس شہر کی کوئی گلی ایسی نہیں جہاں حقوق حاصل کرنے کے لئے جوانوں کی لاشیں اٹھائی نہ گئی ہوں۔ہم نے نہ دن دیکھا نہ رات، عید تہوار نہ گھر بار،اپنا مال و زر دل اور جان تک ایک شخص کے لئے قربان کرنے سے دریغ نہ کیا حقوق کے نام ہر 25000 نوجوانوں کی قربانی کے باوجود کچھ حاصل نہیں ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رات رانچھوڑ لائن میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا جلسہ میں پاکستان سر زمین پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کے علاوہ معززین علاقہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ 32 سال ہم نے صرف ایک مقصد کے لئے جدوجہد کی کہ ہمارا شہر، صوبہ اور ملک آنے والے وقت میں امن خوشحالی کا گہوارہ بن جائے گا آئندہ آنے والی نسلوں کی بھلائی کے لئے سب کچھ لٹا دیا کسی کی نہیں سنی یہاں تک کے دوستوں کو ناراض کیا اور دشمنیاں پید کرلیں صرف نقصان ہی نقصان کیاسوچنے کی بات ہے کہ آج سے 32 سال پہلے کراچی کیسا شہر تھا اور آج کیسا ہے حقوق کے نام پراور کتنی نسلیں قربان کرنی ہیں اور کتنی لاشیں اٹھائی جائیں گی تو اس شہر میں امن ہو گا تعلیم کا نظام، صفائی کا نظام، اسپتالوں میں ادویات، پینے کا صاف پانی، روزگار اورسیورج کا نظام جیسے بنیادی مسائل کب حل ہوں گے ،انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں 25000 لوگ قتل ہوجائیں تو ان کے ایوانوں میں زلزلہ آجاتاہے لیکن دھوکہ ہمارے ساتھ ہمارے اپنوں نے کیا، ہماری الطاف حسین سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں نہ ہم اس سے ڈرتے ہیں ہمیں اللہ کا خوف ہے جو لوگ کل تک میرا قائد کہہ کر وکالت کرتے تھے آج انہوں نے خود پارٹی منصب سے ہٹانے کا ڈرامہ کیا ہے، فاروق ستار مجھ سے زیادہ الطاف حسین کو جانتے ہیں لیکن سچ کہنے کہ ہمت نہیں،انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آگے بڑھو اور مظلوموں کا خون بہانے کا سلسلہ بند کروا دواس ملک پر ظلم کرنے والوں کی تعداد انتہائی کم اور ظلم سہنے والوں کی تعداد بہت زیادہ مگر آواز اٹھانے والا کوئی نہیں، لیکن اس با ر مصطفی کما ل اور پوری پاک سر زمین پارٹی یہ اعلان کرتے ہیں کہ ہم آپ کے ساتھ مل کر اس ظلم کے خلاف جدوجہد کریں گے، بڑی بڑی باتیں کرنے والے صرف 12 گھنٹوں میں ڈی جی رینجرز زندہ باد کے نعرے لگانے لگے 22 اگست کی معصوم عورتوں کی ویڈیو شناخت کراتے رہے اور آج وہ مائیں اور بہنیں ATC کورٹ میں پیشیاں بھگت رہی ہیں میں آج یہ مطالبہ کرتا ہوں کہ مہاجر ماؤں اور بہنوں کو گرفتار کرنے کا اقدام پھر سے مت کرنا ، میرے پاس سینیٹر، ایم این اے ایم پی اے نہیں لیکن اس شہر کے لوگ ضرور ہیں، جو آج قوم کو بیچ رہیں ان کے لیے پھرہم اور عوام کا سمندر سڑکوں پر ہوگا۔اب حکمرانوں کا ہنی مون پیریڈ ختم ہو چکا،لوگوں کو ان کے بنیادی حقوق دینے پڑیں گے ہم سرپر کفن باندھ کر نکلیں گے، اگر کسی کو مارنا ہی ہے تو پہلے مصطفی کمال اور اس کے ساتھیوں کو مارے پھر اس کی قوم کی طرف دیکھے، یہ شہر لاواث نہیں ہم اس کے وارث ہیں۔سیکریٹری جنرل رضا ہا رون نے کہا کہ فاروق ستار غدار وطن کی وکالت کرنا چھوڑیں اور جس علاقے کی عوام نے انہیں مینڈیٹ دیا اس کے مسائل حل کرنے کی طرف توجہ دیں،ان کے مسائل حل کرنے کی ٹینشن تمہیں لینی ہی پڑے گی، قوم کر دھوکہ دینے کی ناکام کوشش مت کرو اب یہاں کے باشعورعوام تمہارے مکر و فریب میں نہیں آئیں حق اور سچ کا پیغام پاک سر زمین پارٹی ان تک پہنچا چکی ہے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئر مین وسیم آفتاب نے کہا کہ ہندوستان نے آج ہمارے گھر میں گھس کر اس کے خلاف ناکام سازش کی ہے ہمیں آپس کے اختلاف بہلا کر دشمن اور اس کے حواریوں کہ نا پاک عزائم کر خاک میں ملانا ہے جب تک بانیان پاکستان کا ایک بھی بچہ رہے گا ہم پاکستان کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے ،تقریب سے آصف حسنین اور حفیظ الدین نے بھی خطاب کیا۔