کوئٹہ: کوئٹہ میں کانگو کے شبے میں ایک اور مریض کو اسپتال میں داخل کرادیا گیا۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق کوئٹہ کے علاقے غوث آباد کے رہائشی چالیس سالہ محب اللہ کو شدید بخار، ناک اور منہ سے خون بہنے کی شکایت پر فاطمہ جناح چیسٹ اینڈ جنرل اسپتال کے شعبہ وبائی امراض میں داخل کیا گیا ہے۔ محبت اللہ کے خون کے نمونے لیکر ٹیسٹ کیلئے کراچی بجھوادیئے گئے ہیں۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق بیس اگست سے اب تک کانگو وائرس کے شبے میں پندرہ مریضوں کو کوئٹہ کے فاطمہ جناح جنرل اینڈ چیسٹ اسپتال میں داخل کیا جاچکا ہے۔ خون کے نمونوں کے ٹیسٹ کے بعد سات مریضوں میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی۔ رواں سال اب تک پچانوے افراد کو کانگو وائرس کے شبے میں اسپتال لایا گیا جن میں سے ستائیس افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ جبکہ جنوری سے اب تک مجموعی طور پر کانگو وائرس سے دس افراد جاں بحق ہوچکے ہیں