کوئٹہ : پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے پریس ریلیز میں عوامی نیشنل پارٹی کے پلیٹ فارم سے بعض صوبائی عہدیداران کی جانب سے گزشتہ چند دنوں سے پشتونخوامیپ اور ان کی لیڈر شپ کیخلاف ہر زہ سرائی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 8اگست کے قومی سانحہ کے عظیم شہدا کے شہادت کے غم ورنج اور دکھ کی اس درد ناک حالت میں جب تمام سیاسی پارٹیاں، ا نکی لیڈر شپ ،سیاسی جمہوری لوگ ، وکلاء برادری اور پورا معاشرہ اس سوچ وفکر میں محوہ ہے کہ ہمارے صوبے کے اعلیٰ تعلیم یافتہ طبقے وکلاء کے ساتھ ایسا وحشت وبربریت پر مبنی واقعہ کیونکر پیش آیا اور اس کی روک تھام کیلئے یک زبان ہوکر دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ اوراسلام آباد میں پشتون وطن کے قومی سیاسی مذہبی جماعتوں کااہم اجلاس منعقد ہوا جس میں عوامی نیشنل پارٹی کے اکابرین بھی شامل تھے اجلاس میں عید کے بعد قومی قیادت کی اہم کانفرنس کے انعقاد کے اہم نقطے پر متفق ہوئے ہیں ۔ایسی صورتحال میں عوامی نیشنل پارٹی کے چند صوبائی رہنماء اس اہم قومی کانفرنس کو سبوتاژ کرنے پر تلے ہوئے نظر آرہے ہیں جس کی تدارک اور نوٹس لینا ان کے پارٹی کے مرکزی قیادت کی ذمہ داری ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوا وطن کی بدامنی کی صورتحال اور خصوصاً دہشتگردی کے واقعات پر پشتونخوامیپ کے نڈر اور بے باک قیادت کا ہمیشہ سے موقف بڑا واضح رہا ہے ۔ اور پشتونخوامیپ کے اس موقف پر الزام تراشیوں کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوا جس سے صاف ظاہر ہے کہ اشتعال انگیز ، نفرت انگیز بیانات دیکر ایک جانب پشتون سیاسی پارٹیوں اور پشتونخوا وطن کے عوام کو تقسیم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے جبکہ دوسری جانب وہ شہدا 8اگست کے مقدس خون پر پشتونخوا وطن کے عوام اور پارٹیوں کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی ناکا م کوشش کررہے ہیں جسے ہمارے غیور عوام سختی سے مسترد کرچکے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مرکزی سطح پر عوامی نیشنل پارٹی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے قائدین کے درمیان باہمی احترام کا رشتہ قائم ہے اور دونوں پارٹیوں کی مرکزی قیادت آنیوالے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ جدوجہد پر بھی متفق ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ 8اگست کے شہدا نہ تو کسی خاص جماعت کے شہدا ہے نہ کسی خاندان کے بلکہ یہ ہمارے تمام عوام ،سیاسی پارٹیوں کے عظیم قومی شہدا ہے جس پر وطن عزیز کا ہرفرد غم زدہ اور افسردہ ہے اور ہر کسی کا شہدا کے لواحقین سے دلی لگاؤ اور محبت ہے اور اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شہدا کی قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آنیوالے وقتوں میں دہشتگردی ، انتہا پسندی کیخلاف تمام پارٹیاں یک زبان ہوکر جدوجہد کرنے کا عہد کرچکے ہیں۔ ایسے حالات میں اے این پی کے بعض صوبائی عہدیداران کے بیانات اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ یہاں پر اے این پی کے چند لوگ نہ تو ان عظیم شہدا کی لازوال قربانیوں کو خاطر میں لاتے ہیں اور نہ ہی دہشتگردی کے قوتوں کیخلاف عوامی اتحاد کوگوارہ سمجھتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوامیپ اور ان کے بے باک لیڈر شپ گزشتہ چار دہائیوں سے دہشتگردی ، انتہا پسندی کیخلاف جدوجہد کررہی ہے اور اب جبکہ ملک کے چند زر خرید ٹی وی اینکرز اور کچھ دو نمبر کے سیاستدان پشتونخوامیپ کے چےئرمین محترم محمود خان اچکزئی پر غداری کا الزامات لگارہے ہیں ایسی صورتحال میں عوامی نیشنل پارٹی کے بعض صوبائی عہدیداران کی جانب سے پشتونخوامیپ پر بلا جواز ہرزہ سرائی عوام کیلئے سوالیہ نشان ہے؟۔حالانکہ ملک اور پشتونخوا وطن کے تمام اہم سیاسی ومذہبی قائدین نے محمود خان اچکزئی کے خلاف جاری مہم کو یکسر مسترد کیا ہے ۔ بیان میں اس امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی قائدین اس قسم کے بیانات جاری کرنے کا نوٹس لینگے۔