کوئٹہ : گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے عید الاضحی کے موقع پر تمام اہل وطن کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک پیغام میں گورنر نے کہا کہ عید الاضحی کا دن نہ صرف تمام مسلمانوں کے لئے خوشی کا تہوار ہے بلکہ یہ اُمت مسلمہ کے لئے بے مثال اتحاد اور یکجہتی کا مظہر بھی ہے۔ انہوں نے کہا حج مبارک اور عید الاضحی کے موقع پر دُنیا بھر کے مسلمان بلا امتیاز رنگ و نسل کعبہ اللہ میں جمع ہوتے ہیں اوراللہ کے حضورسجدہ ریز ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ دن تمام مسلمانوں کے لئے ایثار، قربانی اور محبت و رواداری کے جذبات کی تجدید کا دن بھی ہے جو حضرت ابراہیم خلیل اللہ اور حضرت اسماعیل ؑ کی بے مثا ل قربانی کی یاد دلاتا ہے اور ہمیں اس بات کا درس دیتا ہے کہ ہم بھی ہر وقت اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کی خاطر اپنی جان و مال قربان کر نے کے لئے تیار رہیں۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ عید کی خوشیاں مناتے ہوئے غریبوں ، یتیموں ، بیواؤں اور بے آسرا افراد کو نہ بھولیں بلکہ اُن کی ہر طرح سے مدد اور دلجوئی کریں اور انہیں اپنی خوشیوں میں شریک کریں تاکہ وہ بھی اس مذہبی تہوار کو ا چھے طریقہ سے مناسکیں،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے عید الاضحی کے موقع پر پوری قوم بالخصوص اہل بلوچستان کو مبارکباد پیش کی ہے ،اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ کی وجہ سے ہم ابھی تک حالت سوگ میں ہیں لیکن ایک زندہ اور بہادر قوم کی طرح ہم نے نہایت ہمت اور استقامت کا مظاہرہ کر کے دنیا پر ثابت کر دیا ہے کہ دہشت گرد اپنی بزدلانہ کاروائیوں کے ذریعہ ہمیں مرعوب یا خوفزدہ نہیں کر سکتے، وزیراعلیٰ نے سانحہ کے شہدا کے لواحقین کی جرات اور استقلال کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے موقع پر ہم انہیں ایک مرتبہ پھر یقین دلاتے ہیں کہ وہ تنہا نہیں بلکہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کے شریک ہے، وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ عیدالاضحی ہمیں قربانی ، صبر اور تحمل کا درس دیتی ہے حضرت ابراہیم ؑ نے اللہ کی رضا اور خوشنودی کے لیے اپنے پیارے بیٹے حضرت اسماعیل ؑ کو اللہ کی راہ میں قربان کرنے کا ارادہ کیا سنت ابراہیمی اس بات کی مظہر ہے کہ مسلمان اللہ کی راہ میں قیمتی سے قیمتی چیز حتیٰ کہ اولاد کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کرتے، انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال بھی اس بات کی متقاضی ہے کہ فرقہ واریت اور لسانیت کے نام پر ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ہم متحد ہو جائیں اور انتہا پسندی کو شکست دینے کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار رہتے ہوئے اپنی صفوں میں مکمل اتحاد ، اتفاق اور یکجہتی برقرار رکھیں، وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عید سادگی سے منائیں اور ان افراد کا خصوصی خیال رکھیں جو عید منانے کی استطاعت نہیں رکھتے، جبکہ وزیراعلیٰ نے عوام سے کہا ہے کہ وہ نماز عید اور عبادات میں ملک کی ترقی سا لمیت اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں ۔