کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے امن و امان کے قیام کے حوالے سے دونوں صوبوں کے مابین باہمی روابط کے فروغ پر اتفاق کرتے ہوئے طے کیا ہے کہ سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کے لئے دونوں صوبے مشترکہ حکمت عملی بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ،دونوں وزرائے اعلیٰ کے درمیان امن و امان سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی جس میں طے کیا گیاکہ دونوں صوبوں کی پولیس ایک دوسرے سے مربوط روابط قائم کر کے سرحدی علاقوں میں نگرانی اور چیکنگ کا مشترکہ نظام قائم کریں گی تاکہ دہشت گرد، شرپسند اور سماج دشمن عناصر کسی کاروائی کے بعد دوسرے صوبے میں داخل نہ ہو سکیں۔ دونوں وزرائے اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چونکہ ملک و قوم کو اس وقت دہشت گردی کے چیلنج کا سامناہے لہذا دہشت گردی چاہیے کسی بھی صورت میں ہو اسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا اور دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کر کے انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائیگا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا کہ ان کی حکومت دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمہ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور ہماری سیکورٹی فورسز ، پولیس، ایف سی اور لیویز اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دہشت گردی کے خاتمہ کی جنگ بھرپور انداز میں لڑ رہی ہے، جس میں انہیں عوام کی حمایت بھی حاصل ہے اور ہم اس حوالے سے مقررکردہ اہداف بھی حاصل کر رہے ہیں۔دونوں وزرائے اعلیٰ نے سندھ اور بلوچستان سمیت ملک بھرمیں دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے فوج اور دیگر سیکورٹی فورسز کے کردار اور قربانیوں کو سراہا۔