|

وقتِ اشاعت :   September 17 – 2016

کوئٹہ: کوئٹہ میں کانگو وائرس نے ایک اور شخص کی جان لے لی۔ جبکہ مزید دو مشتبہ مریضوں کو اسپتال میں داخل کردیا گیا۔ فاطمہ جناح جنرل اینڈ چیسٹ اسپتال کوئٹہ کے ترجمان کے مطابق پچپن سالہ اورنگزیب کو عید کے دوسرے دن زیارت کے علاقے سنجاوی سے کانگو کے شبے میں اسپتال لایا گیا تھا۔ دوران علاج اورنگزیب دم توڑ گیا۔ اس طرح رواں سال جنوری سے اب تک کانگو سے مرنے والے افراد کی تعداد بارہ ہوگئی۔ ترجمان کے مطابق کوئٹہ کی تین سالہ زبیدہ اور افغانستان کی رہائشی سولہ سالہ خاتمہ بی بی کو بھی کانگو کے شبے میں اسپتال لایا گیا۔ دونوں مریضوں کے خون کے نمونے ٹیسٹ کیلئے کراچی بجھوادیئے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ایک ماہ کے دوران کانگو وائرس کے شبے میں تینتیس مریضوں کو لایا گیا جن میں سے دس مریضوں میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ عید سے اب تک چھ مریضوں کو لایا گیا جن میں سے ژوب کا رہائشی محمد امینا ور سنجاوی کا رہائشی اورنگزیب جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اسپتال حکام کے مطابق رواں سال اب تک ایک سو چودہ افراد کو کانگو وائرس کے شبے میں اسپتال لایا گیا جن میں سے تیس افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔