|

وقتِ اشاعت :   September 21 – 2016

کوئٹہ: چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے ایس اینڈ جی اے ڈی کاولیم جان برکت کی زیرصدارت اجلاس گذشتہ روز بلوچستان اسمبلی کے کمیٹی منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر ایس اینڈ جی اے ڈی نواب محمد خان شاہوانی، اراکین اسمبلی آغا سید لیاقت علی، نصراللہ خان زیرے،محترمہ سپوزمئی اچکزئی،محترمہ کشوراحمد جتک اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ قائمہ کمیٹی نے بلوچستان ہاؤس اسلام آباد میں ایم پی ایز کے لئے کمروں کے کرایوں میں کمی کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد نہ کرانے پر سخت برہمی کا اظہارکیا۔ اجلاس میں کمیٹی کے اراکین کی جانب سے بلوچستان ہاؤس اسلام آباد اور کراچی میں وزراء اورایم پی ایز کے لئے کمروں کا کرایہ یومیہ 1000روپے مقرر کرنے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ اس کا اطلاق سابقہ اراکین اسمبلی پر بھی ہونا چاہیئے۔ اراکین قائمہ کمیٹی نے ایک اورتجویز دی کہ قائمہ کمیٹی برائے ایس اینڈ جی اے ڈی چیئرمین کی سربراہی میں بلوچستان ہاؤس اسلام آباد کا دورہ کرکے وہاں پر فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لے کر رپورٹ ایوان میں جلد جمع کرائیں۔ اراکین کمیٹی نے یہ بھی تجویز پیش کی کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سے رابطہ کرکے بلوچستان ہاؤس کراچی کی اراضی اور عمارت کے حصول کے لئے سندھ حکومت سے رجوع کیا جائے گا۔