|

وقتِ اشاعت :   September 22 – 2016

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے معاشی، اقتصادی اور تجارتی ترقی کی نئی راہیں کھلنے جا رہی ہیں۔ پورے ملک بالخصوص بلوچستان کے عوام تک راہداری کے ثمرات پہنچیں گے اور ہر شعبہ زندگی خاص طور سے ٹرانسپورٹ کے شعبہ سے وابستہ افراد کو اس عظیم منصوبے کا پے پناہ فائدہ پہنچے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کونسل آف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز کے اراکین کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گوادر کو راہداری سے منسلک کرنے کے لیے ایم۔8 اور دیگر قومی شاہراہوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے، خضدار شہداد کوٹ شاہراہ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے ، شاہراہوں کی تعمیر کے یہ منصوبے درحقیقت سی پیک کی بنیاد ہیں ، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ راہداری کی تکمیل میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی اور اس منصوبے کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنا دیا جائیگا، اس موقع پر وفد کی جانب سے وزیراعلیٰ کو خضدار، لاڑکانہ، میہڑ، شہداد کوٹ سکھر روٹ کے ٹرانسپورٹرز کو روٹ پرمٹ کے اجراء سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا گیا، وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ ان مسائل کو حل کیا جائیگا اور کمشنر قلات ڈویژن کو سندھ کے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ کر کے دوطرفہ بنیادوں پر درپیش مسائل کے حل کی ہدایت کی جائے گی، انہوں نے اس بات کا یقین بھی دلایا کہ ٹرانسپورٹ سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائیگی،ادھروزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی ترقی میں اقلیتی برادری اہم کردار ادا کر رہی ہے، بلوچستان میں بسنے والی اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، حکومت ان کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ(ن) کے اقلیتی رہنما دنیش کمار سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں صدیوں سے آباد اقلیتوں سمیت ہر قوم و قبیلہ انہیں عزیز ہے، بحیثیت چیف آف جھالاوان اور وزیراعلیٰ بلوچستان سب کے حقوق کا تحفظ ان کی ذمہ داری ہے، جسے وہ ہر صورت پورا کریں گے، اس موقع پر دنیش کمار نے وزیراعلیٰ کو اقلیتوں کو درپیش بعض مسائل سے آگاہ کیا، انہوں نے وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر کئے گئے صوبے کے مختلف علاقوں کے اپنے دورے کی رپورٹ بھی پیش کی۔