کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ کردی گئی جبکہ خضدار میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بناکر سڑک کنارے نصب بم کو ناکارہ بنادیا گیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے مرو کے قریب پیرکوہ گیس پلانٹ سے سوئی جانے والی 24انچ قطر کی گیس پائپ لائن کے ساتھ نامعلوم افراد نے دھماکا خیز مواد نصب کر رکھا تھاجس کے دھماکے سے پائپ لائن کا کئی فٹ حصہ تباہ ہوگیا۔ دھماکے کے بعد پیرکوہ پلانٹ سے سوئی گیس پلانٹ کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔ ادھر خضدار کی تحصیل وڈھ کے علاقے لوپ میں سڑک کنارے نصب بم ناکارہ بنادیاگیا۔ بم پانچ کلو وزنی اور ریموٹ کنٹرول تھاجو سیکورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانے کیلئے نصب کیا گیا تھا۔ ایف سی اہلکاروں نے دوران چیکنگ بم برآمد کرکے ناکارہ بنادیا اور اپنی تحویل میں لے لیادریں اثناء،کوئٹہ ضلع آوران کے علاقے مشکے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز ضلع آواران کے علاقے گرجا میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے محمد ریاض ولد غلام محمد کو قتل کردیا ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے لیوز نے ضروری کارروائی کے بعد لا ش ورثاء کے حوالے کردی ۔