|

وقتِ اشاعت :   September 23 – 2016

کوئٹہ:سانحہ کوئٹہ کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن تشکیل دیدیا گیا۔ حکومت بلوچستان کے اعلامیہ کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے محکمہ داخلہ و قبائلی امور کے ذریعے بلوچستان ہائیکورٹ کو کمیشن کی تشکیل کیلئے مراسلہ لکھا گیا تھا۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کی منظوری سے بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس جمال مندوخیل پر ایک رکنی عدالتی کمیشن تشکیل دیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق کمیشن آٹھ اگست کے سانحہ کی تحقیقات کرکے دو ماہ کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔ یاد رہے کہ آٹھ اگست کو سول اسپتال کوئٹہ میں خودکش بم دھماکے میں ستر سے زائد افراد شہید اور سو سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ شہداء میں پچاس سے زائد وکلاء بھی شامل تھے۔ کمیشن کی تحقیقات کیلئے پولیس اور حساس اداروں کے نمائندوں پر مشتمل جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم پہلے ہی تشکیل دی جاچکی ہے۔