گوادر:وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے کہا کہ گوادر بندرگاہ سرمایہ کاری کے لحاظ پرکشش ہے یہاں پر سرمایہ کاری کرنے والی تمام کمپنیوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ گوادر میں ہر قسم کی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز گوادر چیمبر آفس کامرس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کی تکمیل سے خطے کے عوام کو فائدہ پہنچے گا اور اس منصوبے کے تحت تجارتی مراکز قائم کئے جائیں گے جس سے ملک کی معیشت مستحکم ہوگی طویل کشادہ سڑکیں توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے پسماندہ علاقوں کے عوام کیلئے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ رواں سال کے آخر تک پاک چین اقتصادی راہداری سے ملک کے تمام صوبوں کو یکساں فوائد ملنا شروع ہوجائیں گے سی پیک خطے کا عظیم ترین منصوبہ ہے انہوں نے کہا کہ گوادر میں یوینورسٹی آف تربت کے کیمپس مستقبل قریب میں ملکی اور بین الاقوامی سطح کی یونیورسٹی کی شکل اختیار کرے گا۔ اس سلسلے میں گوادر اور علاقے کی ضروریات کے مطابق ابتدائی طور پر کچھ ضروری مضامین میں داخلے شروع ہوجائیں گے دریں اثناء وفاقی وزیر نے یونیورسٹی کیمپس تربت اور جی ڈی این سکول گوادر کا بھی دورہ کیا اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داؤد بریچ ڈی سی گوادر تحصیل بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے۔