کوئٹہ: پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے چھ افراد کو قتل کردیا۔ جاں بحق افراد میں باپ اور تین بیٹے شامل ہیں۔لیویز کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پنجگور سے ستر کلو میٹر دور تحصیل پروم میں پاک ایران سرحد کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے لیویز فورس کے ریٹائرد حوالدار عبدالمالک کے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ لیویز کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں عبدالمالک ، اس کے تین بیٹے صدام،عامر اور عبدالرزاق کے علاوہ دو مہمان ظریف اور ملا گل محمد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں ملا گل محمد کا تعلق ایران سے بتایا جاتا ہے۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔ لیویز نے موقع پر پہنچ کر لاشیں ضروری کارروائی کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال پنجگور منتقل کردیں۔ لیویز کے مطابق مقتول عبدالمالک اور اس کے بیٹے ایکسائز انسپکٹر کے قتل کے مقدمے میں پولیس کو مطلوب تھے تاہم چھ افراد کے قتل کے تازہ واقعہ کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے،در یں اثناء کوئٹہ آواران میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق آواران کی تحصیل جھاؤ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے میر سبزل ولد میر بلوچ خان عمرانی کو قتل کردیا اور فرار ہوگیا۔