کوئٹہ:نیشنل پارٹی کے رہنما و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ہماری پالیسی ہے اسلام آباد کے بعد کوئٹہ میں اختیارات کو رکھنا د رست نہیں بلوچستان حکومت نے ملک میں سب سے پہلے بلدیاتی انتخابات منعقد کئے بلدیاتی ادارے ہی عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کرسکتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کارپوریشن تربت کے میر قاضی غلام رسول کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی وفد میں میونسپل کمیٹی تمپ کے چیئرمین ناصررند ،چیئرمین ضلع کونسل پنجگور عبدالمالک بلوچ ، شعیب ،کے بی بلوچ،چیئرمین میونسپل کمیٹی آواران میر عبدالرزاق میروانی ، گوادر ،اورماڑہ ،پسنی کے چیئرمیناور وائس چیئرمین بھی شریک تھے۔ وفد نے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان کو بلدیاتی اداروں کے مالی اورا نتظامی مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ لوکل گورنمنٹ نے بلوچستان کے تمام بلدیاتی اداروں کے کنٹی جنسی اور ضروری فنڈز پر غیراعلانیہ پابندی عائد کر رکھی صفائی ،ستھرائی ملازمین کی تنخواہ ، ڈیزل اور پٹرول سمیت روز مرہ کے امر اور کام ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے اس کے علاوہ اگر کوئٹہ سے کسی فنڈ کا اجرا ہوجاتا ہے تو ڈی سی سی کے ذریعے اس کو مزید پیچیدہ بنایا گیا ہے ۔انہوں نے مزیدبتایا کہ نیشنل پارٹی بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کی منتقلی ،فنڈز کی غیر اعلانیہ بندش ، کونسلران کے اعزازیہ سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے حکومت اوراسمبلی کی سطح پر اپنا کردار اد ا کریں موجودہ حالات میں بلدیاتی ادارے تقریباً غیر فعال ہوکر رہ گئے ہیں۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کی پرزور حامی ہے عوام کے بنیادی اور روز مرہ کے مسائل بلدیاتی نمائندے ہی ان کی دہلیز پر حل کرسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے ذریعے ہم نے اسلام آباد سے اختیاراتت تو لے لئے ہیں ان اختیارات کو کوئٹہ میں ہی رکھ لیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری ہی حکومت نے ملک میں دوسرے صوبوں سے زیادہ غیر جانبدارانہ ، منصفانہ اور پرامن بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے تعلیم اور صحت کے شعبے میں بعض اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ بلدیاتی اداروں کے مسائل کے حل کیلئے نیشنل پارٹی اپنا بھر پور کردار ادا کریگی وفد نے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کیا۔