|

وقتِ اشاعت :   October 5 – 2016

کوئٹہ: کوئٹہ میں بس پر فائرنگ کے نتیجے میں چار خواتین کے جاں بحق ہونے کے بعد محرم الحرام کیلئے سیکورٹی پلان میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا گیا ، وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کہتے ہیں کہ بلوچستان میں تمام لشکر راء فنڈڈ ہے ۔آئی جی آفس میں ہنگامی اجلاس سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ کرانی روڈ پر آج افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ دو دہشتگردوں نے ایک لوکل بس میں داخل ہوکر فائرنگ کی اور خواتین کو نشانہ بنایا جو انتہائی ظلم ہے اور قبائلی روایات کی بھی خلاف ورزی ہیں۔ بلوچستان میں پہلی بار خواتین کو نشانہ بنایا گیا۔ دہشتگرد آسان ہدف ڈھونڈ رہے ہیں، جلد ان کا خاتمہ کردینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعہ کے بعد آئی جی آفس میں اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس بلایا ہے جس میں واقعہ کے تمام پہلوؤں پر غور کیا جائیگا اور تفتیش کا طریقہ کار طے کیا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے سیکورٹی پلان کا بھی از سرنو جائزہ لیاجائیگا۔ پلان میں خامیاں پائی گئیں تو دور کرینگے۔ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ہم حالت جنگ میں ہے، اس طرح کے واقعات نظر انداز نہیں کئے جاسکتے۔ کوئٹہ میں جتنے واقعات ہوئے ہیں ان کے ملزمان کو انجام تک پہنچایا ہے۔ واقعہ کی ذمہ داری کالعدم لشکر جھنگوی نے قبول کی ہے۔ سب کو پتہ ہے کہ لشکر جھنگوی کو این ڈی ایس اور را سپورٹ کررہے ہیں۔ بلوچستان میں جتنے لشکر ہیں سب را فنڈڈ ہیں۔ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل ڈبل سواری پر عام شہریوں اور طلبا ء کو تنگ کرنے کا تاثر درست نہیں۔ اس پابندی کی وجہ سے بہت سارے جرائم پیشہ افراد بھی پکڑے گئے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب میں بہت تاخیر ہوئی ہے۔ کیمروں کی تنصیب بہت پہلے ہوجانی چاہیے تھی۔ کرانی روڈ فائرنگ واقعہ میں سیکورٹی غفلت سے متعلق سوال پر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ جب تک کسی افسر کی غفلت ثابت نہ ہوجائے اس کے خلاف کارروائی نہیں کی جاسکتی۔ ہم اپنے حکام اور افسران کو اخلاقی سپورٹ ضرور دینگے۔ اگر کسی کی غفلت ثابت ہوئی توسزا دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دیکھا جائے تو پچھلے تین ماہ کے دوران دنیا میں سب سے زیادہ خودکش حملے ترکی میں ہوئے لیکن وہاں تو کسی کمشنر کو تبدیل نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ سول اسپتال کوئٹہ عدالت میں زیر سماعت ہے،معاملے پرزیادہ بحث نہیں کرسکتے۔ اگر عدالت نے اجازت دی تو سانحہ کوئٹہ از خود نوٹس کیس میں خود بھی پیش ہوں گا۔