|

وقتِ اشاعت :   October 15 – 2016

کوئٹہ: گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ عدل و انصاف کے بغیر کو ئی معاشرہ قائم نہیں رہ سکتا ۔ معاشرے میں جمہوریت اور قانون کی حکمرانی قائم کر کے ہی اسے ہر قسم کے جرائم اور دہشت گردی سے پاک کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس معاشرہ میں قانون کی حکمرانی موثر نہ ہو وہاں انصاف بھی موجود نہیں ہوتا اور انصاف کی عدم موجودگی سے صرف انتشار اور مایوسی پھیلے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روزکوئٹہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ایڈوکیٹ قاضی عبد المالک کی قیادت میں وکلاء برادری کے ایک وفدسے بات چیت کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ وکلاء کا تعلق ہمارے معاشرے کے ایک حساس اور پڑھے لکھے طبقے سے ہے اس ضمن میں 8اگست کے سانحہ نے پوری قوم کو سوگوار اور رنجیدہ کر دیا ہے۔ وکلاء کی شہادت سے ایک بہت بڑاخلا پیدا ہوگیا ہے۔ انہوں نے وکلاء برادری پر زور دیا کہ وہ اُمید کے چراغ جلا کر زندگی کے نشب و فراز کا عزم و حوصلہ سے سامنا کر یں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طویل رقبہ اور بکھری ہوئی آبادی کے باعث بلوچستان کی ترقی کی راہ میں کئی مشکلات حائل ہیں ۔ ہماری طویل سرحد یں افغانستان اور ایران سے ملتی ہیں تاہم موجودہ حکومت کی بھر پور کارکردگی اور دہشت گردی کے خلاف بھر پور اقدامات اُٹھانے سے موجودہ صورتحال میں گذشتہ تین سال سے نمایاں بہتری آئی ہے۔ دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خاتمے کے حوالے سے گورنر بلوچستان نے کہا کہ پوراخطہ گذشتہ چار عشروں سے بدامنی کا شکار ہے جو مجموعی ترقی و خوشحالی پر اثر انداز ہے۔ تاہم صوبہ میں بڑی تیزی سے حالات بدل رہے ہیں۔ امن و امان کی صورتحال میں بہتری آرہی ہے اور صوبے کے عوام نے ترقی و خوشحالی کے نئے سفر کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بھر پور کوشش ہے کہ تمام میگاپروجیکٹس پر عملدرآمد کے دوران اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ترقیاتی عمل کا زیادہ سے زیادہ فائدہ مقامی آبادی کو پہنچے۔ وکلاء کی سیکیورٹی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں گورنر بلوچستان نے کہا کہ عام آدمی کے جان و مال اور عزت و آبرؤ کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے تاہم اس سلسلے میں معاشرے کے ہر طبقے کے افراد کو اپنی اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے وفد نے گورنر بلوچستان کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا ۔ جس پر گورنر بلوچستان نے ان مسائل کے حل کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ دریں اثناسابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ، صوبائی وزیر میر مجیب الرحمن محمد حسنی ، رکن قومی اسمبلی خلیل جارج اور عبد الجبار کی قیادت میں لورالائی کے ایک وفد نے علیحدہ علیحدہ گورنر بلوچستان سے ملاقات کی۔