|

وقتِ اشاعت :   October 16 – 2016

کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) نے اپنی سروس کو بہتر بنانے کے لئے 8 نئے طیارے لیز پر لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی آئی اے نے اپنی بین الاقوامی سروس کو بہتر بنانے کے لئے 8 نئے طیارے لیز پر لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے اشتہارات بھی شائع کردیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق لیز پر لئے جانے والے طیاروں میں 4 طیارے ڈرائی اور 4 ویٹ لیز پر ہوں گے، ویٹ لیز پر لئے گئے طیارے 3 ماہ جب کہ ڈرائی لیز پرلئے گئے طیارے 6 سے 8 برس کے لئے حاصل کئے جائیں گے تاہم ویٹ لیز کی مدت میں اضافہ بھی کیا جاسکے گا۔ ڈرائی لیز پر طیارے جون 2017 سے قبل حاصل کئے جائیں ہیں۔ آٹھوں طیارے جدید سہولیات سے مزین اور زیادہ سے زیادہ 4 برس پرانے ہوں گے، لیز پر لئے جانے والے طیاروں میں اکانومی اور بزنس کلاسز ہوں گی اور ان طیاروں میں انٹرٹینمنٹ کی سہولیات بھی فراہم کی جائے گی، طیاروں میں بزنس کلاس کے لئے فلیٹ بیڈ سیٹس کی شرط عائد کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے رواں برس دسمبرسے جون 2017 تک نئے روٹس کھولنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، نئے روٹس میں اسپین اور جرمنی کے ممالک بھی شامل ہیں اور اسی دوران پی آئی اے کی پریمئیر سروس کو کراچی سے بھی شروع کردیا جائے گا۔ پی آئی اے کے مطابق چین کے لئے ہفتہ وار 3 پروازوں کی سروس میں بھی بہت جلد ہی ایک اور پرواز کا اضافہ کردیا جائے گا جب کہ اگلے مرحلے میں بنکاک کے لئے بھی پروازیں چلائی جائیں گی، اس کے علاوہ بارسلونا کی پروازیں رواں برس 11 دسمبر سے شروع کردی جائیں گی۔