|

وقتِ اشاعت :   October 16 – 2016

اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کو 65 برس مکمل ہو گئے ہیں اور اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب اور کار ریلی کا انعقاد بھی کیا گیا۔ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کو 65 سال ہوگئے ہیں اور آج دونوں ممالک میں سفارتی تعلقات کی 65 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید اور چین کے سفیر شن وی ڈونگ بھی شریک ہوئے۔ چین کی جانب سے پاک چین دوستی کارریلی کا انعقاد کیا گیا ہے، 20 گاڑیوں پر مشتمل کار ریلی کا آغاز چین کے صوبے ننگ زیا سے ہوا جس کی قیادت صوبے ننگ زیا کے نائب گورنر وانگ ہیشان نے کی۔ کارریلی میں پاکستان اور چین کے ڈرائیوز شریک ہیں، ریلی گزشتہ روز گلگت سے روانہ ہوئی جو اسلام آباد پہنچ چکی ہے، کار ریلی گوادر سمیت پاکستان کے مختلف شہروں سے ہوتی ہوئی متحدہ عرب امارات پہنچ کو اختتام پذیر ہوگی۔ چین کے سفیر شن وی ڈونگ کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاک چین دوستی کار ریلی اچھا اقدام ہے جس نے دنیا کو ایک مثبت پیغام پہنچایا ہے، کار ریلی نے 7 ہزار کلو میٹر کی مسافت طے کی ہے جو لائق تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایشین سلک روڈ اب ترقی اور خوشحالی کی شاہرا بنتی جا رہی ہے جب کہ اقتصادی راہداری منصوبہ نہ صرف چین اور پاکستان بلکہ خطے کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعت پرویزرشید کا کہنا تھا کہ کار ریلی کے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہیں، ہم کہتے تھے کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند لیکن اب ہم کہتے ہیں کہ پاک چین دوستی دنیا کی بڑی چوٹی سے بھی بلند ہے، پاک چین دوستی اب پہلے سے بھی زیادہ مضبوط ہے اور اس کا تعلق شہد سے بھی میٹھا ہے۔