اسلام آباد : سابق رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے کہا ہے کہ ملک کی سیاسی جماعتوں نے اسٹیبلشمنٹ کے خلاف محاذ بنا رکھا ہے یہ ملکی سلامتی کے لئے بہت خطرناک ہو گا ۔ نومبر کے آخر تک احتساب نہ ہوا تو ملک کا سودا کرنے والے پھر الیکشن جیت جائیں گے اور انکا احتساب کبھی نہیں ہوسکے گا، الطاف حسین کی سیاسی اننگز کا خاتمہ ہو گیا تھا لیکن حکومت کی خصوصی کرم نوازی سے اس کی واپسی ہو رہی ہے ، انگریزی اخبار میں خبر شائع کرانے میں وزیر اعظم ہاؤس براہ راست ملوث ہے ۔ گزشتہ روز آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نبیل گبول نے کہا کہ ایم کیو ایم لندن اور ایم کیو ایم پاکستان اب الگ الگ ہیں لیکن الطاف حسین ختم شدہ کہانی کو حکومت نے منی لانڈرنگ کیس سے دانستہ بری کروا کر نئی زندگی دے دی ہے ۔ الطاف حسین کی سیاست میں واپسی کے لئے حکومت نے سکاٹ لینڈ یارڈ کو جان بوجھ کر ثبوت فراہم نہیں کئے ۔لندن کے تحقیقاتی ادارے ثبوت مانگتے رہے لیکن ہماری حکومت دانستہ سوئی رہی اور شواہد دینے سے انکار کر کے الطاف حسین کو مضبوط کیا ۔ حکومت کی یہ مجرمانہ حرکت اس لئے تھی کہ الطاف حسین ہماری فوج اور اسٹیبلشمنٹ کے خلاف ہے اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے لئے کام کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انگریزی اخبار میں جو خبر فیڈ کر کے شائع کروائی گئی وہ اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے اور سول حکومت جس طرح سے فوج اور اسٹیبلشمنٹ کے خلاف حربے استعمال کر رہی ہے وہ بہت خطرناک ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ بہت افسوس کی بات ہے کہ اس وقت سیاسی جماعتیں ہماری اسٹیبلشمنٹ اور پاک فوج کے خلاف ایک محاذ بنائے ہوئے ہیں ۔ میاں نواز شریف نے 1999 ء میں بھی یہی غلطی کی تھی لیکن 1999 ء میں یہ جھگڑا صرف جنرل پرویز مشرف اور میاں نواز شریف کے درمیان تھا لیکن اب میاں نواز شریف نے بھارت کو آن بورڈ کیا ہوا ہے کیونکہ الطاف حسین کی بھارت میں گہری جڑیں ہیں اور بھارت ہمیشہ سے یہ الزام لگاتا رہا ہے کہ پاکستان سے جا کر لوگ بھارت میں حملے کرتے ہیں اور یہی بات الطاف حسین بھی کہتا ہے اور انگریزی اخبار میں شائع ہونے والی خبر بھی یہی کہانی سنا رہی ہے۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ سازش کے تانے بانے بھارت سے جڑے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا احتجاج وقت کی ضرورت ہے لیکن اگر ملکی سلامتی کے خلاف محاذ بنانے والوں کا نومبر کے آخر تک احتساب ممکن نہ بنایا جا سکا تو پھر یہ لوگ آئندہ الیکشن بھی جیت کر آ جائیں گے اور ملک کا سودا کرنے والوں کا احتساب بہت مشکل ہو جائے گا ۔نبیل گبول نے کہا کہ ملک بہت نازک دور سے گزر رہا ہے کہ سیاسی قوتوں نے ذاتی مفادات اور اقتدار کے لئے اسٹیبلشمنٹ کے خلاف جو گٹھ جوڑ کر رکھا ہے وہ خطرناک سمت میں بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ببانگ دہل کہتا ہوں کہ انگریزی اخبار میں خبر شائع کرانے میں وزیر اعظم ہاؤس براہ راست ملوث ہے ۔