|

وقتِ اشاعت :   October 18 – 2016

کوئٹہ : کوئٹہ میں جعلی ادویات فروخت کرنے والے میڈیکل سٹورز کے خلاف کارروائی پر سیکرٹری پراونیشنل کوالٹی کنٹرول بورڈ کو تبدیل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری پراونشل کوالٹی کنٹرول بورڈ امداد اﷲ بلوچ نے صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری صحت بلوچستان کی ہدایت پر کوئٹہ شہر اور گردونواح میں عوامی شکایات پر جعلی ادویات فروخت کرنے والے میڈیکل سٹورز کے خلاف بھرپور کارروائی کا آغاز کر رکھا تھا اس سلسلے میں اُنہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جناح روڈ، کلی خیزی، سریاب روڈ، سیٹلائٹ ٹاؤن، کچلاک اور دیگر علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے بھاری تعداد میں جعلی اور سندھ حکومت کی اسٹمپ شدہ سرکاری ادویات برآمد کرکے میڈیکل سٹورز کو سیل کردیا جس پر جعلی ادویات کی فروخت کے اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث مافیا حرکت میں آگیا اور اس نے سیکرٹری پراونشل کوالٹی کنٹرول بورڈ امداد اﷲ کا تبادلہ کروادیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کوئٹہ شہر میں تقریباً90 فیصد میڈیکل سٹورز پر جعلی ادویات کی فروخت کاکاروبار ہورہا ہے جبکہ اس گھناؤنے کاروبار میں ایک بااثر مافیا سرگرم ہے جو کہ غریب شہریوں کی جانوں سے عرصہ دراز سے کھیل رہا ہے۔ امداد اﷲ بلوچ کی بحیثیت سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ تعیناتی سے یہ اُمید کی جارہی تھی کہ اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لانے سے شہریوں کو معیاری ادویات ملے گی لیکن مافیا نے بیورو کریسی کو بھی رام کرکے ان کا تبادلہ کرادیا اور کوئٹہ کے شہریوں کو ایک مرتبہ پھر اس گھناؤنے کاروبار کرنے والوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔