کوئٹہ : نیشنل مینجمنٹ کورس لاہورکے وفد نے ایف سی ہیڈ کوارٹرکا دورہ کیا ۔دورے کے دوران وفد نے ہیڈ کوارٹر فرنٹیئرکور میں آئی جی ایف سی سے ملاقات بھی کی ۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل مینجمنٹ کورس لاہورکے16رکنی وفد نے ہیڈ کوارٹر فرنٹےئر کور بلوچستان کا دورہ کیا ۔کرنل عزیزاحمد نے وفد کو بلوچستان کے حالات اور فرنٹےئر کور بلوچستان کی کارکردگی پر جامع بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فرنٹےئر کور بلوچستان اپنی بنیادی ذمہ داریوں یعنی افغانستان اور ایران کے ساتھ پاکستان کے سرحد کی نگرانی کے علاوہ اسلحہ ،منشیات اورانسانوں کی غیرقانونی نقل وحمل کو روکنے اور امن وامان کے قیام میں صوبائی حکومت کی مدد ،قومی اثاثوں،ترقیاتی منصوبوں اور اہم تنصیبات کی حفاظت کو بطریق احسن پورا کر رہی ہے۔مزید برآں تعلیم ، صحت اور عوام کی فلاح وبہبود کے سلسلے میں بھی ایف سی بلوچستان قابل قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ عوام کو تحفظ فراہم کرنا اور ان کے ساتھ روابط کو مضبوط کرنا ایف سی کی اولین ترجیح ہے۔فرنٹےئر کور بلوچستان کے زیر اہتمام56اسکولز اور07کالجز بمعہ 09ہاسٹلز دور دراز علاقوں میں بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہے ہیں۔ اسکے علاوہ صوبے میں زلزلہ اور سیلاب جیسے قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی بحالی میں بھی فرنٹےئر کور ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔سوال و جواب کے دوران آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن وامان کی بحالی ،تعلیمی ترقی اورطبی سہولتوں کی فراہمی ایف سی کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں۔گوادر کی ترقی اور اقتصادی رہداری منصوبہ بلوچستان کے عوام کے لیے ایک نئے دورکا آغازثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسزنے صوبے میں بھائی سے بھائی کو لڑانے کی ہر سازش ناکام بنادی ہے۔صوبے کے ہر ضلع وتحصیل میں پاکستانی پر چم لہرا رہے ہیں ۔نو گو ایریا ز کا تصور بلوچستان میں ختم ہو چکا ہے۔ عوام کا سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون اور اعتماد ہی ہماری کامیابی کاضامن ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایف سی بلوچستان عوام اور دیگر اداروں کے تعا ون سے صوبے کو پُر امن اور مثالی بنانے میں بھر پور کردار ادا کر تی رہے گی۔وفد نے بلوچستان میں فرنٹےئر کور کے گراں قدر خدمات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ترقی اور خوشحالی کے امکانات روشن ہیں۔آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن نے وفدکا ایف سی ہیڈکوارٹر کے دورے پر شکریہ ادا کیا اور استد عا کی کہ وہ اپنے انفرادی حیثیت میں بلوچستان کی بہتری کے لئے کردار ادا کریں۔