اسلام آباد: سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سانحہ کوئٹہ کمیشن تعیناتی کیخلاف بلوچستان حکومت کی درخواست خارج کردی ۔ درخواست بلوچستان حکومت کی جانب سے واپس لینے کی بنیاد پر خارج کی گئی ہے ۔ بلوچستان حکومت کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے سانحہ کوئٹہ پر جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں کمیشن قائم کیا ہے جسٹس قاضی فائز عیسی سانحہ کوئٹہ کے حوالے سے اپنے خیالات کا متعدد بار اظہار کرچکے ہیں جو میڈیا پر بھی آئے ہیں سانحہ کوئٹہ کی تحقیقات حساس ہیں اس لئے کمیشن کی کارروائی اوپن ہونے سے تحقیقات متاثر ہونگی انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں متعدد مقامات پر 127تفتیشی افسران کو قتل کیا گیا ہے اس پر چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ عدالت کی صوابدید ہے جس کو چاہے نامزد کرے جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں کمیشن کا نام تمام فریقین کی موجودگی میں دیا گیا اداروں کی جانب سے سانحہ کوئٹہ کو سنجیدہ نہ لینے پر کمیشن تشکیل دیا گیا ہے کمیشن کی رپورٹ آنے کے بعد اس کو پبلک کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ عدالت کرے گی بلوچستان حکومت اس حوالے سے اپنے تمام تحفظات کوکمیشن کے سامنے بیان کرے واقعہ کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کمیشن چاہے تو ان کیمرہ کارروائی کرسکتا ہے