|

وقتِ اشاعت :   October 21 – 2016

کوئٹہ : گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ خطے میں امن وامان کی پائیدار فضا قائم کئے بغیر ترقی وخوشحالی کی منزل کا حصول ناممکن ہے۔ پائیدار ترقی کے حصول کے لئے دیرپا امن بنیادی شرط ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے پورے خطے میں معاشی استحکام پیدا ہوگاجس سے معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور لاکھوں لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع میسر ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پاکستان میں متعین بیلا روس کے سفیر مسٹر اینڈری جی آرمولووچ ( Mr. Anderi G Ermolovich) سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقe پر گورنر نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان گہرے تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک کے سربراہان کے حالیہ دوروں سے مختلف شعبوں میں تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور تعاون کے وسیع مواقع دونوں ممالک کے درمیان موجود ہیں اور کئی باہمی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کئے گئے ہیں۔ اس سے یہ توقع کی جاسکتی ہے کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات اور تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔ گورنر نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت بہت زیادہ ہے اور یہاں پر سرمایہ کاری کے وسیع اور منافع بخش مواقع موجود ہیں ایشیاء کی سطح پر برکس اور شنگھائی تعاون تنظیم کے پورے خطے پر مثبت اثرات پڑیں گے اور سی پیک جیسے میگاپروجیکٹس سے پاکستان اور بیلاروس بھرپور استفادہ کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر بیلاروس کے سفیر نے کہا کہ بیلاروس میں پاکستانی سفارتخانے کا قیام نہایت ہی خوش آئند عمل ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بہت جلد پاکستان اور بیلاروس کے درمیان فضائی رابطے بحال ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، سائنسی، صنعتی اور ثقافتی روابط بڑھانے کے روشن امکانات موجود ہیں جس سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔ آخر میں یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی ہوا۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ جمہوریت کا استحکام اور مضبوطی عوام کے ذریعے منتخب ہونے والی حکومت پر ہوتی ہے۔ پاکستان کا آئین ہر شہری کو ووٹ دینے، امیدوار بننے اور انتخابی عمل میں شرکت کا ضامن ہے۔ اس ضمن میں انتخابی عمل اور اظہار رائے کے لئے ووٹ کا حق استعمال کرنے کی جمہوری روایات کو مستحکم بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز صوبائی الیکشن کمشنر سید سلطان بایزید سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے صوبائی الیکشن کمشنر پر زوردیا کہ عوام بالخصوص خواتین، اقلیتوں اور معذور افراد میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ معاشرے کی عظیم اکثریت کی تمام سیاسی اور سماجی سرگرمیوں میں شرکت اور شمولیت یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شعوروآگہی کی اشد ضرورت ہے جس سے عوام میں حق رائے دہی کے درست استعمال کے ساتھ ساتھ جمہوریت اور جمہوری اداروں کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے گورنر بلوچستان کو 7دسمبر 2016ء کو آنے والے ووٹرز ڈے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ قومی ووٹرز ڈے کی مناسبت سے ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے مختلف تقریبا منعقد کرائیں گے۔ گورنر بلوچستان نے صوبائی الیکشن کمیشن کے اس عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے عوام کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے میں مدد ملے گی جس کے نتیجے میں صوبہ میں ٹرن آؤٹ میں اضافہ ہوگا۔