کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن امجد علی خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ انجینئر عبدالواحد کاکڑ کی نگرانی میں ضلعی انتظامیہ کی کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں عطائی ڈاکٹروں، جعلی وغیرمعیاری ادویات فروخت کرنے والے میڈکل اسٹورز کے خلاف بھرپور مہم جاری ہے جس میں تاحال متعدد ڈاکٹروں اور مختلف میڈیکل سٹوروں پر چھاپے مارکر کر مالکان کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ میڈیکل سٹورز بھی سیل کردیئے گئے ہیں لہٰذا اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عبدالواحد کاکڑ نے گذشتہ روز ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عطائی ڈاکٹر اور جعلی وغیرمعیاری ادویات کے کاروبار میں ملوث افراد ہمارے معاشرے کے لئے زہر قاتل ہیں جو صرف اپنی ذاتی خواہشات اور دولت بڑھانے کی خاطر معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلتے ہیں جس کی انہیں کبھی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہاکہ ایسے سماج دشمن عناصر کے خلاف نہ صرف کاروائی کی جائے گی بلکہ انہیں قانون کے دائرے میں لاکر کڑی سزائیں بھی دلوائی جائیں گی انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی پہلی ترجیحات میں امن وامان، صحت وتعلیم شامل ہے لہٰذا ان تمام شعبوں میں غفلت کے مرتکب افراد کو کبھی نہیں بخشا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی وغیرمعیاری ادویات کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد اور عطائی ڈاکٹروں کے خلاف مہم باقاعدگی سے جاری رہے گی تاحد یہ کہ ہمارے معاشرے سے اس برائی کا خاتمہ نہ ہو۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر کوئٹہ انجینئر عبدالواحد کاکڑ کی ہدایت پر شہر میں جعلی ادویات، عطائی ڈاکٹروں ،گران فروشی ،ملاوٹ کم تولنے زائد المعیاداور مضر صحت ادویات اور اشیاء خورد ونوش کی فروخت کرنے کے علاوہ سڑکوں وفٹ پاتھوں پر پیدل چلنے والوں اور ٹریفک کیلئے مسائل پیدا کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران اسپیشل مجسٹریٹ محمد حسین نے خروٹ آباد اور سبزل روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے پانچ کلینک سیل کرکے پانچ عطائی ڈاکٹروں کو گرفتار کر لیا جبکہ جناح ٹاؤن،عالمو چوک اور ائر پورٹ پربھی 4میڈیکل اسٹور اورایک کلینک کوبغیر اجازت نامہ چلانے پر سیل کردیا گیاجبکہ 13افراد کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانوں میں بند کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے اسپنی روڈ،جوائنٹ روڈ،بروری روڈپر فٹ پاتھوں پر تجاوزات قائم کرنے والوں کے علاوہ گوشت اور دودھ مقررہ نرخ سے زائد فروخت کرنے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 9افراد کو گرفتار کر کے جیل بھجوادیا ۔اسی طرح ایک اور کارروائی میں روڈ پر موٹرسا ئیکلوں کی مرمت کرنے والے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے عبدالستار روڈ پر 14دکانوں کو سیل کرکے سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ۔جبکہ مجموعی طور پر 23000روپے جرمانہ وصول کیا۔دریں اثنا اسپیشل مجسٹریٹس ارباب عنائت کاسی اور ببرک خان نے کچلاک ،نیو کچلاک کے علاوہ زرغون آباد اور نواں کلی میں لائسنس نہ رکھنے پر14میڈیکل اسٹور اور کلینک کو سیل کرکے مالکان کو گرفتار کر کے جیل بھجوادیا جبکہ گرانفروشی اور صفائی کا مناسب انتظام نہ رکھنے پر 11دکانداروں کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانو ں میں بند کردیا۔ مجموعی طور پر 51000روپے جرمانہ وصول کیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ انجینئر عبدالواحد کاکڑ نے کہا ہے کہ عطاعی ڈاکٹروں ،جعلی کلینک اور بغیر لائسنس کے میڈیکل اسٹور چلانے، جعلی ادویات، زائدالمعیاد ادویات اورکھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے کے علاوہ ملاوٹ کرنے اور جعلی فیکٹریوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کی ہدایت کی ہے انہوں نے کہا کہ بلا تخصیص ایسے عناصر کے خلاف کارروائی جاری ہے جوکہ چند سکوں کی خاطر انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔جبکہ ایسے عناصر کے خلاف جاری کارروائی کے دوران کوئی رعایت اور دباؤ قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔