کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا کہ ہم نے اس ملک کو کرپشن اور لوٹ مار سے نجات دلانا ہے اگر دو نومبر کو حکمرانوں نے پی ٹی آئی کا راستہ روکنے کی کوشش کی تو پورا بلوچستان بند کر دیں گے اور اگر ہمارے کسی کارکن کو کچھ ہوا تو پھر حکمرانوں کو انجام تک پہنچا دیں گے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کی شام ایم پی ایز ہاسٹل میں میر تاج محمد کلوئی رند،حاجی میر ظاہر خان رند،میرنہال خان کریم زئی ، وڈیرہ کریم خان کریمزئی ،ٹکری محمد ہاشم ،میر عبدالمالک، ٹکری محمد رحیم ، ٹکری یوسف علی ، ڈاکٹر عبدالحق،ٹکری سفر خان ، حاجی نبی بخش ، حاجی شاہ محمد ، حاجی عبدالطیف، وڈیرہ میر گل خان ، وڈیرہ حسین خان اور دیگر کی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی بلوچستان کے نائب صدر میراسماعیل لہڑی، نوابزادہ امین رئیسانی ، سید بسم اللہ آغا، محمد عظیم کاکڑ، سردار خادم حسین وردگ،چوہدری شبیر،چوہدری شبیر،سردارزادہ میر سمیع اللہ لانگو اور نسیم ترین بھی موجود تھے۔ سردار یار محمد رند نے کہا کہ میر تاج محمد رند کی قیادت میں صرف رند قبائل سے تعلق رکھنے والے افراد نہیں بلکہ مختلف سیاسی جماعتوں سے 30`30سال وابستگی رکھنے والے بھی شامل ہو رہے ہیں جنہوں نے ایک نظرئیے اور مثبت سوچ کو سامنے رکھتے ہوئے ہمارے ساتھ شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے جس پر اْنہیں مبارکباد دیتا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ جس طرح انہوں نے ہر لڑائی میں پہلے بھی ہمارا ساتھ دیاآئندہ بھی بھرپور ساتھ دیتے رہیں گے ہم نے ایک سیاسی مقصد اور سوچ کیلئے جدوجہد شروع کی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ نئے شامل ہونے والے با شعور افراد ہماری سیاسی سوچ اور نظرئیے کو آگے بڑھائیں گے انہو ں نے کہا کہ بد قسمتی سے قوم پرست یا دینی جماعتیں ‘ جو بھی بلوچستان میں برسراقتدار آئیں انہوں نے بلوچستان کی بات تو کی مگر بلوچستان کے عوام کے حقوق کیلئے کچھ نہیں کیا قوم پرست اقتدار میں آنے کے بعد نواز شریف کو سلام کرنے میں مصروف ہیں اسی طرح میاں نواز شریف اور اْن کے ساتھیوں نے ملک کو لوٹا ہے بائیس ہزار ارب روپے کے مقروض ملک میں پیدا ہونیوالا بچہ بھی لاکھوں روپے کا مقروض ہوتا ہے پی ٹی آئی برسراقتدار آ کر نواز شریف اور اْن کے خاندان کا عدالتوں سمیت سڑکوں پر احتساب کریگی انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت یہ دعوی کرتی ہے کہ اْس نے چوبیس ارب ڈالر کے ذخائر قوم کو دئیے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ لوگ دو وقت کی روٹی سے محروم ہیں انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی طرح بلوچستان سے بھی کارکن دو نومبر کو اسلام آباد میں ہونگے اور تخت لاہور کے ایوانوں کوہلا کر رکھ دیں گے حکمران ہمارے ٹی او آرز کو تسلیم احتساب کیلئے تیار اور پارلیمنٹ کے سامنے جواب دہ ہونا ہوگا انہوں نے کہا کہ اے آر اوز اور ڈی آر اوزکے الیکشن میں ہمارا مینڈیٹ چرانے والے ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتے دو نومبر کو ملک میں حقیقی جمہوریت بحال کریں گے قبل ازیں میر تاج محمد رند نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے عمران خان اور سردار یار محمد رند کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ موجودہ حکمرانو ں نے ملک کو اربوں روپے کا مقروض بنا دیا ہے یہ جمہوریت پر بھی یقین نہیں رکھتے آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی مرکز اور صوبوں میں بھرپور کامیابی حاصل کر کے ستر سال سے جاری کرپشن کا خاتمہ کرپٹ حکمرانوں کا احتساب اور عوام کے زخموں پر مرہم رکھے گی تحریک انصاف کے صوبائی سینئر نائب صدر میر اسماعیل لہڑی نے میر تاج محمد رند کو دوستوں سمیت پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 30اکتوبر کو بلوچستان سے قافلے ا سلام آباد روانہ ہونگے دو نومبر ہماری فتح کا دن ہو گا عمران خان کی قیادت میں ملک کو کرپٹ حکمرانوں اور کرپشن سے ہمیشہ کیلئے نجات دلا دیں گے تحریک انصاف کے رہنما نوابزادہ امین اللہ رئیسانی نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کو نہ صرف وفاقی حکومت بلکہ صوبائی حکومتوں نے بھی ہمیشہ نظر انداز کیا کوئٹہ کو پیرس بنانے کے دعوے کرنے والوں نے اپنے گھر پیرس میں بنا لئے ہیں۔