|

وقتِ اشاعت :   October 25 – 2016

کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے آٹھ اگست کو سول اسپتال کوئٹہ میں ہونے والے حملے میں ملوث خودکش حملہ آور کے مبینہ سہولت کاروں کی تصاویر جاری کرتے ہوئے گرفتاری میں مدد دینے پر ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ حکام کے مطابق پولیس اور دیگر تفتیشی اداروں نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے خودکش حملہ آور کے چارمبینہ سہولت کاروں کی تصاویر حاصل کی ہیں۔ یہ افراد سول اسپتال اور اس سے ملحقہ جناح روڈ اور قریبی علاقوں میں مشتبہ حالت میں دیکھے گئے ہیں۔ صوبائی حکومت کی جانب سے ان مبینہ سہولت کاروں کی گرفتاری سے متعلق اطلاع دینے والے کیلئے ایک کروڑ روپے نقد انعام کا اعلان کیا ہے اور یہ یقین دلایا ہے کہ اطلاع دہندہ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ پولیس کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر میں دو افراد ایک دکاندار میں جوتے خریدتے ہوئے جبکہ اسپتال کے قریب سڑک پر گزرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ان میں سے دو مشتبہ افراد کو اسپتال کے احاطے میں گھومتے نظر آرہے ہیں اور انہوں نے چہرے چادر سے چھپا رکھے ہیں۔ حکومت کی جانب سے عوام الناس کے نام جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس واردات میں ملوث ملزمان کے بارے میں کوئی مفید اطلاع (جو ان کی گرفتاری میں مدد دے سکے) دینے والے کو مبلغ ایک کروڑ روپے(Rs.1,00,00,000/۔) انعام دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں درج ذیل اشخاص (جن کی تصاویر شائع کی جارہی ہیں)دھماکے والے دن ہسپتال کے اندراور باہر مشکوک حالت میں دیکھے گئے ہیں۔لہٰذا شبہ ہے کہ یہ اشخاص دہشتگردی میں با لواسطہ یا بلاواسطہ ملوث ہوسکتے ہیں۔ان کے بارے میں کوئی مفید اطلاع (جو ان کی گرفتاری میں مدد دے سکے) ذیل نمبروں پر دے کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ اس اطلاع دہندہ کو بھی حکومت بلوچستان کی طرف سے انعام دیا جائے گا اور اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائیگا۔اطلاع ان نمبر پر دی جاسکتی ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ 081۔9203360۔ایس ایس پی انوسٹی گیشن کوئٹہ081۔9202590160۔پولیس کنٹرول روم 081۔9202555160۔پولیس تھانہ سول لائن کوئٹہ081۔9202730160۔