اسلام آباد: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ایک مجرم شخص کو کبھی وزیراعظم نہیں مانتا اور مجرم وزیراعظم کو بچانے کے لئے قوم کا پیسہ تباہ کیا جا رہا ہے۔
بنی گالہ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک مجرم وزیراعظم کی کرپشن چھپانے کیلئے ساری حکومتی مشینری استعمال کی جا رہی ہے اور قوم کا پیسہ تباہ کیا جا رہا ہے، نواز شریف جو بھی کر لیں ان کا چوری کیا ہوا پیسہ ہضم نہیں ہونے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک مجرم کو کبھی وزیراعظم قبول نہیں کروں گا، عدلیہ سے پوچھتا ہوں کہ یہ کیسی جمہوریت ہے کہ ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود سڑکیں بند کر دی گئی ہیں، مجھے کس جرم کے تحت بنی گالہ میں بند کیا گیا ہے، نواز شریف مجھے روک نہیں سکتے، ہر روز لوگوں کا جذبہ بڑھتا جا رہا ہوں اور جب تک زندہ ہوں نواز شریف کی کرپشن کا پیچھا کروں گا۔
عمران خان نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے ایک 3 روزہ بچی آنسو گیس شیل کی وجہ سے جاں بحق ہو گئی جب کہ ایک لیفٹیننٹ کرنل بھی حادثے میں شہید ہوا، ان دونوں کی ایف آئی آر شہباز شریف کے خلاف درج ہونی چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران بہت ہی خطرناک گیم رہے ہیں، علی امین گنڈہ پور ایک وزیر ہے اور اس کی گاڑی کی تلاشی لینا غیر قانونی ہے، سی پیک کی وجہ سے پہلے ہی چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی پیدا ہو رہا ہے اور اس طرح کے اقدامات سے پنجاب کے خلاف خیبر پختونخوا میں مزید تعصب پھیلے گا۔
قبل ازیں چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے تین روز سے بنی گالہ کا محاصرہ کر رکھا ہے، نا تو ہمارے کارکنوں کو اندر آنے دیا جا رہا ہے اور نا ہی کھانا اندر لانے کی اجازت دی جا رہی ہے، پولیس خواتین کے ساتھ بھی بدتمیزی کر رہی ہے جب کہ ہمارے کارکنوں کی جیبوں سے پیسے بھی نکالے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی کرپشن پکڑی گئی ہے اور وزیراعظم کی کرپشن سے متعلق پوچھنا میرا جمہوری اور آئینی حق ہے، حکومت نے عدالتی احکامات کے باوجود اسلام آباد کو کنٹینر لگا کر بند کر رکھا ہے، بنی گالہ کی چار دیواری کے اندر بھی سیکشن 144 نافذ کر رکھی ہے جب کہ دفاع پاکستان کونسل اور نواز شریف جلسے کرتے پھر رہے ہیں، کیا اس ملک میں ہمارے لئے الگ اور دوسروں کے لئے الگ قانون ہے، یہ میرا نہیں عدلیہ کا ٹرائل ہے۔