|

وقتِ اشاعت :   November 4 – 2016

کہوٹہ: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مخالفین چاہتے ہیں کہ کسی طریقے سے پاکستان کو 50 سال پیچھے لے جایا جائے اور یہاں ترقی کا راستہ روکا جائے کیونکہ انہیں ملکی ترقی کھٹک رہی ہے۔ کہوٹہ کے علاقے نڑھ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے مخالفین ملکی ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں کیونکہ ملکی ترقی انہیں کھٹک رہی ہے، وہ چاہتے ہیں کہ کسی طریقے سے پاکستان کو 50 سال پیچھے لے جایا جائے اور یہاں ترقی کا راستہ روکا جائے لیکن ہم کسی سے ڈرنے اور گھبرانے والے نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے والا، گالیاں دینے والا اور مسلسل جھوٹ بولنے والا عوام کا لیڈر اور رہنما نہیں ہوسکتا، پاکستان کے لوگ عزت کرتے ہیں اور عزت چاہتے ہیں۔ کہوٹہ کے لیے ترقیاتی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کلرسیداں اور تحصیل کہوٹہ کے لیے گیس منصوبہ اورکہوٹہ میں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کو اسٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایٹمی دھماکے کیے اور ملک میں موٹر ویز بنائیں، کہوٹہ اور نڑھ میں بھی دو رویہ ایکسپریس وے بننے جارہا ہے اور اسلام آباد سے کہوٹہ تک ایک دن سرنگ بھی بنے گی، لاہور تا کراچی موٹر وے سمیت خنجراب اور گوادر تک ہائی وے کی تعمیر بھی شروع ہوچکی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کا پیسہ ان کی امانت ہے اور یہ عوام کی بہتری پر ہی خرچ ہونا چاہیے، ملک میں معاشی اور دفاعی ترقی ہمارے دور میں ہوئی، دہشت گردی کی کمڑ توڑدی گئی ہے جب کہ ریلوے اور پی آئی اے اپنے پاؤں پر کھڑی ہورہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 3 سال پہلے ملک میں 18،18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ اپنی آنکھوں سے دیکھی لیکن دھرنا دینے والے پھر بجلی کا طویل بحران چاہتے ہیں کیونکہ ان کا ایجنڈا ترقی کا نہیں، اس کے باوجود ہم انہیں پاکستان کی ترقی میں ہاتھ بٹانے کی دعوت دیتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں ترقی کا سفر بہت زور شور سے جاری ہے اور جاری رہے گا اس کو روکنے والے کامیاب نہیں ہوں گے، عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے انہیں آئینے میں اپنا چہرہ بھی نظر آگیا ہے، میں کچھ کہنا نہیں چاہتا لیکن کچھ دن پہلے جو ہوا سب کے سامنے ہے، یہ لوگ کیا دعویٰ کرتے تھے اور نکلا کیا جب کہ ہم محنت اور دیانت داری سے کام کررہے ہیں اور اسی وجہ سے مخالفین کی نیندیں حرام ہوگئیں ہیں کیونکہ 2018 میں بھی ہم آئیں گے۔