کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے ترکی کے صدر طیب اردوگان کے دورہ پاکستان کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا یہ دورہ پاک ترک دوستی کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی بنیاد ثابت ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور معاشی تعلقات مزید مستحکم ہونگے، اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی بصیرت افروز قیادت میں جہاں ملک ترقی کے اہداف حاصل کر رہا ہے وہیں ترکی جیسے دوست ممالک پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی میں ہمارے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، جو موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر دوست ممالک کے اعتماد کا مظہر ہے، انہوں نے کہا کہ دونوں برادر مسلم ممالک نے کڑے وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے ثابت کیا ہے کہ ناصرف دونوں ممالک کی حکومتیں بلکہ عوام بھی دیرینہ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں خاص طور پر ترکی کی حکومت کے خلاف بغاوت کی حالیہ ناکام کوشش میں پاکستان نے ترک حکومت کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے اخلاقی اور سفارتی حمایت کی، جبکہ ترکی مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور دونوں ممالک دہشت گردی کے خاتمے میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیراعلیٰ نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے ترکی کے صدر طیب اردوگان کے خطاب کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے خطاب میں نیوکلیئر سپلائیر گروپ میں پاکستان کی شمولیت ، مسئلہ کشمیر کو دوطرفہ مذاکرات کے ذریعے حل کے پاکستان کے موقف اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کر کے پاکستانیوں کے دل جیت لیے ہیں، وزیراعلیٰ نے ترک صدر کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کی گول میز کانفرنس کو بھی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانفرنس پاکستان میں ترک سرمایہ کاری اور دونوں ممالک اور خطے میں آزاد تجارت کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔