کوئٹہ + خضدار: قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ضلع خضدار کے علاقے تحصیل زہری میں ایک کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے دس کارنداں کو گرفتار کرلیا،فائرنگ کے تبادلے میں ایک ایف سی اہلکار زخمی ہو گیا کوئٹہ میں نامعلوم افراد نے ایک پولیس اہلکار کو قتل کر دیا بختیارآباد کے قریب ریل پٹڑی کی حفاظت پر مامور ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ سے دو اہلکار زخمی،اس کے علاوہ ضلع کیچ سے تشدد زدہ لاش برآمد جبکہ موسیٰ خیل میں ایک شخض کو قتل کر دیا گیا کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ بروری روڈ پر سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پولیس اہلکار ابرار احمد کاکڑ کو گولیوں کا نشانہ بنایا ۔ سر پر دو گولیاں لگنے سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ مقتول اہلکار کی لاش بی ایم سی اسپتال پہنچائی گئی۔ ڈی ایس پی اظہر شاہ کے مطابق مقتول اہلکار ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس کے دفتر میں آئی ٹی سیکشن میں کام کرتا تھا اور کوئٹہ کے علاقے کلی دیبہ کا رہائشی تھا۔ واقعہ کے وقت اہلکار مغربی بائی پاس کی طرف جارہا تھا جب انہیں نشانہ بنایا گیا۔ ڈی ایس پی کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا ہے ۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے خالی خول برآمد کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ یاد رہے کہ یہ ایک ہفتے کے دوران بروری تھانہ کی حدود میں ٹارگٹ کلنگ کا دوسرا واقعہ ہے۔ یکم دسمبر کو نامعلوم مسلح افراد نے بروری روڈ کلی ابراہیم زئی کے قریب فائرنگ کرکے بروری پولیس تھانے کے اہلکار الیاس شاہ کو قتل کردیا تھا۔ جبکہ رواں سال صرف کوئٹہ میں بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں پولیس کے 90سے زائد اہلکار جاں بحق ہوچکے ہیں۔فرنٹیئر کور بلوچستان اور حساس ادارے کے اہلکاروں کاخضدار کے علاقے زہری میں سرچ آپریشن ،فائرنگ سے ایک ایف سی اہلکار زخمی جبکہ کالعدم تنظیم کے 10کارندوں کوگرفتارکرلیا ہے ۔ایف سی ترجمان کے مطابق گزشتہ روز ایف سی اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے خضدار کے علاقے زہری میں کارروائی کی فائرنگ کے تبادلے میں ایک ایف سی اہلکار زخمی جبکہ کالعدم تنظیم کے 10کارندوں کوگرفتار کرکے ان کے قبضے سے 9عد د ایس ایم جیز ،6رائفلز ،مواصلاتی آلات اوردیگر تخریبی مواد برآمدکرکے تفتیش شروع کردی بلوچستان کے علاقے بختیار آباد کے قریب ریلوے پٹڑی کی حفاظت پر مامور دو ایف سی اہلکار نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔ ایف سی ذرائع کے مطابق لانس نائیک حنان اور سپاہی نعیم موٹر سائیکل پر ریلوے پٹڑی کی حفاظت کیلئے گشت کررہے تھے ۔ اس دوران نامعلوم افراد نے انہیں گولیوں کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دونوں زخمی ہوگئے۔ زخمی لانس نائیک حنان کو دو گولیاں جبڑے پر بائیں جانب اور بائیں ہاتھ پر لگی ہے ۔ خون زیادہ بہنے کی وجہ سے زخمی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جبکہ سپاہی نعیم کو دو گولیاں گھٹنے اور ران میں لگی ہیں اور حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ کوہلو لیویز نے اغواء ہونے والے بچے کو بازیاب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق پیر کو کوہلو کے علاقے میں لیویز نے کارروائی کرتے ہوئے ڈیرہ غازی خان سے اغواء ہونے والے بچے شہباز خان کو بازیاب کرلیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ لیویز مزید کارروائی کررہی ہے۔