|

وقتِ اشاعت :   December 8 – 2016

کوئٹہ: گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ملک میں آزاد انہ ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ الیکشن کا انعقاد بلاشبہ الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔ ضروری دہے کہ اس سلسلے میں تمام سیاسی تنظیموں اور میڈیا پرسنز عوام کو متحرک کرنے اور انتخابات میں ٹرن آوٹ کو بڑھانے کے حوالے سے فعال اور موثر کردار ادا کریں تاکہ عوامی رائے کی درست عکاسی ممکن ہوسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ووٹرز ڈے کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی عارفہ صدیقہ اور سمیہ خان چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ ، ممبر الیکشن کمیشن آف پاکستان جسٹس (ر ) شکیل بلوچ، صوبائی الیکشن کمشنر سید سلطان بایزید اور میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ خان کاکڑ اور وائس چانسلر (SKB) پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ جبین کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ گورنر بلوچستان نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلہ بلوچستان میں ٹرن آوٹ بہت کم ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ وہ صوبہ میں ٹرن آوٹ بڑھانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروے کار لائیں تاکہ تمام اہل افراد اپنے ووٹ کا حق یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کی اہمیت کا احساس اجاگر کرنے اور جمہوری اقدار کو فروغ دینے بلدیاتی اداروں کا کلیدی کردار ہے۔ بلدیاتی اداروں کو مزید مضبوط ، فعال اور مستحکم بنانے کے انتخابات سمیت دیگر شعبوں پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ گورنر نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مردم شماری کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ لہذا اگر ملک میں بروقت مردم شماری کرانے کو یقینی بنایا جائے تو ملک و صوبے کو درپیش کئی مشکلات پر باآسانی قابو پایا جاسکتا ہے ۔ گورنر صوبائی الیکشن کمیشن پر خصوصی طور پر زور دیا کہ وہ ووٹر لسٹ کی درستگی ، نئے کمپیوٹرائزڈ شناختی حصول کرنے والوں کو انتخابی لسٹوں میں اندراج کو یقینی بنانے اور خاص طور پر مردوں کے مقابلے میں عورتوں اور معذور افراد کی شرکت اور شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے ۔ گورنر نے صوبائی الیکشن کمیشن کی جانب سے عوام میں سیاسی شعور و بیداری کا آغاز کرنے اور انتخابات کے مرحلوں میں نئی ٹیکنالوجی سے بھر پور استفادہ کرنے کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس جذبے کے ساتھ ضلع اور تحصیل کی سطح پر بھر پور اقدامات کئے جائیں اور انتخابات کے طریقہ کار کو آسان اور شفاف بنائیں۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کو موثر بنانے کیلئے سماجی سطح پر بھر پور کردار ادا کرنے کی اشد ضروت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ عوام کی مدد و تعاون بھی کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے خواتین ، معذور افراد اور اقلیتوں کی شرکت کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔ ووٹرز کے اندارج اور عوام میں ووٹ کی اہمیت کا احساس اجاگر کرنے سے خلق خدا سے جڑی ہوئی حقیقی عوامی قیادت سامنے آنے گی ۔ انہوں نے کامیاب اور شفاف انتخابات کے انعقاد سے قبل کئی اقدامات کرنے کی مختلف تجاویز بھی دیں۔ ممبر الیکشن کمیشن آف پاکستان جسٹس ( ر) شکیل بلوچ اور صوبائی لیکشن کمیشنر سید بایزید سلطان نے شرکاء کو ادارے کی کارکردگی سے آگاء کیا اور ووٹرز ڈے کی اہمیت اور انتخابات کے اعزاض و مقاصد پر روشنی ڈالی ۔ آخر میں گورنر بلوچستان نے شرکاء اور منتظمین میں شیلڈز تقسیم کیے۔ دریں اثناء گورنر بلوچستان کراچی کے مایہ ناز سماجی خدمتگار محمد رمضان چھیپا ، میئر ڈاکٹر کلیم اللہ اور صوبائی وزیر سردار مصطفی خان ترین سے علحیدہ علحیدہ ملاقاتیں بھی کیں